ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار

  

منیلا(اے این این ) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت کو بعض کامیابیوں کے باوجود سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پالیسی ساز فیصلوں کی رفتار کم ہونے سے معاشی ترقی کا عمل متاثر ہوسکتا ہے، پاکستان کو مالیاتی اور بیرونی ادائیگیوں جیسے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے حکومت بینکوں اور نان بینکنگ سیکٹر سے قرضہ لے رہی ہے، بڑھتے ہوئے حکومتی اخراجات کے باعث بجٹ خسارہ پورا کرنا ایک مشکل ہدف ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ جی ڈی پی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا تناسب 4.2 فیصد تک پہنچ گیا ہے جب کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں 3 فیصد کمی ہوئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 2ارب ڈالر کمی سے 16ارب 10کروڑ ڈالر ہوگئے جو 3.7 ماہ کی درآمدات کے بل کے برابر ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کی بہتر صورتحال اور توانائی کی فراہمی میں بہتری آنے کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران اقتصادی ترقی کی شرح 5.5 فی صد رہنے کی توقع ہے اس ترقی میں بہتری کی وجہ سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بنک

مزید :

علاقائی -