دو الگ الگ نیٹ ورکس اور فیکٹری میں گیس چوری پکڑ لی گئی
لاہور(خبر نگار) سوئی گیس لاہور ٹاسک فورس نے شہر میں کارروائی کرتے ہوئے پچاس گھروں کے دو الگ الگ نیٹ ورکس اور فیکٹری میں گیس چوری پکڑ لی۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم لاہور قیصر مسعود اورڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی ہدایات پر یو ایف جی ٹاسک فورس نے احمد ٹاؤن جی ٹی روڈ پر چھاپہ مارا تو ایک انچ کی جعلی بائی پاس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے 25گھروں کا نیٹ ورک اور ایک مولڈنگ فیکٹری چلائی جارہی تھی، فورس نے بائی پاس اکھاڑ کر گیس چوری کا خاتمہ کردیا۔ فورس نے اس کے بعد گگا پنڈ نزدبی آر بی نہر بیدیاں روڈ پرچھاپہ مارا جہاں ایک گھریلو میٹر کو غیر قانونی طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرکے اس کے ذریعے 25گھروں کے نیٹ ورک کو گیس چوری کرکے فراہم کی جارہی تھی، فورس نے یہاں بھی نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا۔ دونوں علاقوں کے متعلقہ تھانوں میں مقدمات کے اندراج کیلئے الگ الگ درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں۔دونوں نیٹ ورکس میں گیس چوری کے ذریعے کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔
گیس چوری