بدعنوانی کے خاتمے کیلئے میرٹ، شفافیت اور قانون پر عملدرآمد جاری رکھا جائیگا: چیئرمین نیب

بدعنوانی کے خاتمے کیلئے میرٹ، شفافیت اور قانون پر عملدرآمد جاری رکھا ...

  

اسلام آباد( آن لائن )چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو بدعنوانی کے خاتمے کیلئے میرٹ، شفافیت اور قانون پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا، نیب بدعنوانی کے خلاف جنگ میں قانون پر عملدرآمد،آگاہی اور تدارک کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہمیں پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لئے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے اپنی کوششیں دگنا کرنا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کے ڈائریکٹر جنرلز کی 22 ویں سالانہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی، نیب کے علاقائی بیوروز اور ہیڈ کوارٹرز کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نیب کے آپریشن ڈویژن (آپریشنل میتھڈالوجی)، مانیٹرنگ ایلیوایشن سسٹم، آگاہی و تدارک سمیت دیگر شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نیب کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے چیئرمین نیب کی سربراہی میں ادارے کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام فیصلوں پر من و عن عمل کیا گیا جس کے تحت نیب کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ ادارہ قوم کی امنگوں پر پورا اترے گا جوکہ کرپشن فری پاکستان اور سوفیصد ترقی ہے۔ چیئرمین قمرالزمان چودھری نے پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی (پی جی اے) وقاص قدیر ڈار کی سربراہی میں پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کو سراہا۔ سینئر ممبر چیئرمین نیب انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے مقداری گریڈنگ نظام کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین نیب

مزید :

صفحہ آخر -