ملتان اور بھکر میں پولیس کا فلیگ مارچ‘ افسران کے جلوس روٹس کے دورے

ملتان اور بھکر میں پولیس کا فلیگ مارچ‘ افسران کے جلوس روٹس کے دورے

  

ملتان، بھکر، بہاولپور (کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر، نمائندگان) محرم میں امن برقرار رکھنے کیلئے ملتان اور بھکر میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا محر م انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس و انتظامات و انتظامی افسران نے جلوس روٹس کے دورے کیے تفصیل کیمطابق ملتان پولیس نے گزشتہ روز شہر بھر میں(بقیہ نمبر16صفحہ12پر )

فلیگ مارچ کیا ۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم اورایس ایس پی آپریشنز ملتان عمارہ اطہر نے خصوصی طورپرفلیگ مارچ کے حوالہ سے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دروان امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کووارننگ اور شہریوں کو تحفظ کا احساس دینے کیلئے فلیگ مارچ بہت ضروری ہے۔ہم جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔شہری بھی سیکیورٹی کے حوالہ سے اگر کسی جرائم پیشہ عناصر اور شرپسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع فوری طورپر پولیس کو دیں یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر دیں۔اس کے بعد فلیگ مارچ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم اورایس ایس پی آپریشنز ملتان عمارہ اطہر کی سربراہی میں روانہ ہوا اس موقع پر تمام متعلقہ ڈویثرن کے ایس پی،سی ٹی او ،ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوبھی شریک تھے۔اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔فلیگ مارچ کاآغاز پولیس لائن ملتان سے چوک کچہری ، ایم ڈی اے چوک، پل واصل ، چونگی نمبر01، کوٹھی عبدالشکور موڑ، ہائی کورٹ موڑ، خان پلازہ، ایمپریل سینما چوک، عباس شہید چوک، شنگریلا چوک، کینٹ چوک، عزیز ہوٹل چوک، ڈبل پھاٹک، غلہ گودام، چوک نمبر ۲۲ ، لکڑ منڈی، چوک شہا عباس، غلہ منڈی چوک، ممتاز آباد مین مارکیٹ، بی سی جی چوک، اللہ وسایا چوک، ہواڑی چوک، پل نو بہار، پل پٹھیاں والا، مہدیہ کمپلیکس، باغ حسین چوک، چوک قذافی، رشید آباد، علی چوک، عام خاص باغ چوک، دولت گیٹ، دہلی گیٹ، خونی برج، پاک گیٹ، حرم گیٹ ،شاہین مارکیٹ، بوہڑ گیٹ، فاطمہ جناح چوک گھنٹہ گھر، خیام سینما چوک، چونگی نمبر 9 ،تحصیل چوک، کوٹھی وریام، گول باغ چوک، باٹا چوک، حیدریہ چوک، واپس گول باغ چوک،،خورشید کالونی، چونگی نمبر 8 ،چونگی نمبر 7 ،کچہری چوک ،پولیس لائن ملتان میں اختتام پزیر ہو ا۔ دریں اثناء محرم الحرام کے موقع پر ملتان ڈویژن میں محکمہ شہری دفاع کے 515 رضا کار فرائض سرانجام دیں گے ۔ضلع لودھراں اور ملتان میں بم ڈسپوزل کے تین تین اہلکار وہاڑی میں دو اور خانیوال میں ایک اہلکار ڈیوٹی پر ہوگا۔اسی طرح محکمہ شہری دفاع کی طرف سے ضلع ملتان کے جلوسوں اور مجالس کیلئے 35 واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں جبکہ خانیوال اور وہاڑی میں ایک ایک واک تھرو گیٹ لگایا گیا ہے ۔ملتان میں 39 خانیوال میں 7 لودھراں میں 16 اور وہاڑی میں 12 میٹل ڈکٹیٹرز لگائے گئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ضلع ملتان میں ڈیوٹی دینے والے رضا کاروں کو اعزازیئے کی ادائیگی کے لیے ان کے بنک اکاؤنٹس کھلوائے جا رہے ہیں۔ سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد اکرم بھٹی نے 9اور10محرم الحرام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے، شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کے لئے سٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی ہیں ۔ ہفتہ اور اتوار کو سرکل آفس کے کسٹمرسروسز سنٹرمیں ایڈیشنل ڈپٹی منیجر کسٹمرسروسز سنٹر سلیم گجرجنرل شفٹ میں خدمات سرانجام دیں گے جبکہ سٹاف تین شفٹوں میں شکایات سنٹر میں الرٹ رہے گا ۔ سرکل کے زیر انتظام آپریشن سب ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز ، سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز بھی عاشورہ پر مانیٹرنگ کریں گے اور عملہ تین شفٹوں میں حاضر رہے گا ۔بھکر سے نامہ نگار کیمطابق محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے ہر سال کی طرح گزشتہ روز ڈی پی او خالد مسعود کی قیادت میں بھکر پولیس ،رینجرز اور ایلیٹ فورس کے دستوں نے فلیگ مارچ کیافلیگ مارچ میں ایس ڈی پی اوز سمیت متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی نفری کے ہمراہ شریک رہے یہ فلیگ ما ر چ پولیس لائن سے عباس چوک،ریلوے روڈ ،جی پی او چوک ہلٹن چوک ،قصر زینب ،گڈولہ روڈ ،کوٹلہ جام ،دریاخان سے ہوتا ہوا پنجگرائیں تک کیا گیا ریجنل پولیس آفیسر(آر پی او)سرگودہا محمد اختر عبا س نے انتظامات محرم کے جائزہ کیلئے ضلع بھکر کادورہ کیا۔ اس موقع پر آرپی او کے زیر صدارت ڈی پی او آفس میں ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس کے دوران ڈی پی او خالد مسعود نے بریفنگ دیتے ہوئے ضلع میں امن وبھائی چارہ اوربین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علمائے کرام واکابرین اورضلعی امن کورکمیٹی کے کردار وتعاون کے بارے میں تفصیلات واضح کیں۔آرپی او کو دی گئی بریفنگ میں ڈی پی او نے بتایا کہ ضلعی امن کورکمیٹی کے معزز اراکین کے مثالی تعاون ومشاورت سے سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جارہاہے۔اجلاس میں ضلعی امن کورکمیٹی وڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین ،انجمن تاجران کے نمائندگان،سی پی ایل سی کے عہدیداران واراکین ،مجالس وجلوسوں کے لائسنسداران اورڈی ایس پی حضرات نے شرکت کی۔آرپی او محمد اختر عباس نے ضلع بھکر میں محرم سیکیورٹی کے انتظامات پر عملدرآمد کو اطمینان بخش قراردیااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانامحمد حنیف ،زبیر محمود مغل،سید سکندررضانقوی،مولانا محمد عبدالرحیم رضوی،سید قیصر عباس نقوی،مفتی محمد امیر عبداللہ،سید قلب عباس نقوی،مولانا محمد صفی اللہ اورعرفان اللہ خان نیازی نے کہاکہ انتظامات محرم کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ وپولیس کی وضع کردہ حکمت عملی کو بھرپور باہمی تعاون سے آگے بڑھایا جارہاہے۔ بہاولپور سے بیورو رپورٹ کیمطابق ڈپٹی کمشنربہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے جانووالہ تحصیل احمد پور شرقیہ میں 6محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد طیب، ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ غلام دستگیر خان،مرکزی صدر انجمن تاجران حافظ محمد یونس، میرجمال، سفیران امن قافلہ کے ممبران اور متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جلوس کے روٹ کے معائنہ کے دوران ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے دوران تمام سرکاری ادارے نظم وضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور بہترین کوآرڈینیشن کے عملی مظاہرے کا ثبوت دیں۔انہوں نے جلوس اور مجالس کے انتظامی نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -