آل پاکستان ریلوے انٹر یونٹ رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر
پشاور( سپورٹس رپورٹر) آل پاکستان ریلوے انٹر یونٹ رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، فائنل میں ورکشاپ ڈیپارٹمنٹ نے لاہور ڈویژن ریلوے ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین کے مقابلے چھ پوائنٹس سے شکست دیدی ، اس موقع پر خیبرپختونخوا رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد خان نے چیف جج کے فرائض انجام دیئے ان کے ہمراہ ، پاکستان ریلوے رسہ کشی کوچ محمد اکرم خان گجر، راشد بٹ ڈائریکٹرپاکستان ریلوے سٹیڈیم ، سپورٹس انسپکٹر اقبال بٹ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔ پاکستان ریلوے کے زیراہتمام دوسری آل پاکستان ریلوے انٹر یونٹ رسہ کشی مقابلے ریلوے سٹیڈیم میں منعقد ہوئے جس میں ریلوے کے آٹھ یونٹس نے حصہ لیا ۔ جن میں پشاور ، ملتان ، کراچی ، کوئٹہ ، اسلام آباد، خانیوال ، لاہور اور ورکشاپ یونٹ شامل تھیں ۔مقابلے لیگ کی بنیاد پر دو دن تک جاری رہے جس کے فائنل میں ورکشاپ ڈویژن نے لاہور ڈویژن کو دلچسپ مقابلے کے بعد چھ تین سے شکست دیکر دوسری مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرلی ، اس موقع پر خیبرپختونخوا رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد نے کہا کہ ان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ دوسری مرتبہ آل پاکستان ریلوے انٹر یونٹ مقابلوں میں بطور چیف جج فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں رسہ کشی کھیل کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے ۔ اگر ان کھلاڑیوں پر تھوڑی سی محنت کی جائے تو وہ ملک وقوم کانام روشن کرسکتے ہیں ۔