بجلی کی یکساں قیمت‘ نیپرا نے وفاق کے فیصلے کی مخالفت کردی

بجلی کی یکساں قیمت‘ نیپرا نے وفاق کے فیصلے کی مخالفت کردی

  

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) نیپرا نے ملک بھر کے صارفین بجلی کے لئے بجلی کی قیمت یکساں مقررکرنے کی مخالفت کر دی ۔ بتایا گیا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولٹری اتھارٹی ( نیپرا)(بقیہ نمبر43صفحہ7پر )

نے ملک بھر میں بجلی صارفین کیلئے بجلی کی یکساں قیمت مقرر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کو نامناسب قرار دیا ہے اور اس کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کردی ہے۔بتایا گیا ہے کہ نیپرا بجلی کی ہر تقسیم کارکمپنی کے لائن لاسز ، بجلی چوری اور نقصانات مختلف ہو نے کی وجہ سے یکساں قیمت مقرر کرنے کی مخالف ہے جبکہ حکومت کا موقف ہے کہ یکساں قیمت مقرر ہونے سے نجکاری کے عمل میں آسانی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پیپرا کی اس دلیل سے اتفاق نہیں کیا ۔ اس پر حکومت اور نیپرا میں اس حوالے سے پیدا ہونیوالے اختلافات شدت اختیار کر سکتے ہیں ۔ دریں اثنا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کیلئے مالی سال 17۔2016ء میں پاور پرچیز پرائس ( پی پی پی) اور پرائیر ایڈجسٹمنٹ کیلئے از خود سماعت 10 اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپرا چند روز قبل ہی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کرچکی ہے۔ جس کا اطلاق 16۔2015ء سے ہوگا۔ عوامی سماعت میں منظوری ہونے پر صارفین پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا بوجھ ڈالا جائے گا۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -