آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،فاروق سکندر

آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،فاروق سکندر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ) آزاد کشمیر کے وزیر مال سردار فاروق سکندر نے کہا کہ حکومت نے سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔ ٹوراز کوریڈور منصوبہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں سیاحت کی ترقی کا سب سے بڑ امنصوبہ ہے جس پر اربوں روپے لاگت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر ایک انتہائی پرامن خطہ ہے جہاں پر سیاح بلا خوف و خطر ہ آسکتے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں دونوں موسموں گرمیوں اور سردیوں میں میر پور ، کوٹلی اور بھمبر بہترین اضلاع ہیں جہاں پر منگلا جھیل ، تتہ پانی اور شاری شہید جیسے مقامات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے سیاحت کی ترقی کے لیے اس سال بھی اربوں روپے مختص کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سیاحت کے موقع دارالحکومت مظفرآباد میں محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردارجاوید ایوب ، محکمہ کے آفیسران سمیت ،شہریوں، سکولزکے طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔ ریلی علمدار چوک سے برہان مظفروانی شہید چوک تک ریلی نکالی گئی ۔ریلی کے شرکاء نے سیاحت کی آگاہی کے لیے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز بھی اٹھا رکھے تھے ۔ وزیر مال نے کہا کہ ٹورازم کوریڈور کے منصوبہ کی تکمیل سے علاقہ میں غربت کے خاتمہ اور ریاست کی معیشت میں بھی بہتری آئے گی علاقہ کے اندر سیاحت کو مزید فروغ ملے گا اور مقامی آبادی کو روز گار کے بھی بہترین مواقع ملیں گے اور خطہ کے اندر خوشحالی کا دور شروع ہو گا۔ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں سیاحت ڈویلپمنٹ کا اہم سیکٹر ہے جس سے معیشت میں بہتری آسکتی ۔ آزادکشمیر کو سیاحوں کے لئے پرکشش بنائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح آزادکشمیر کا رخ کریں۔حکومت کی طرف سے سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔