امن وا مان قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر اعجازمنیر

امن وا مان قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر اعجازمنیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد جموں وکشمیر میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے ، مجالس اور یوم عاشورہ کے جلوسوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر اعجاز منیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر شعیب دستگیر ،سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر محمود الحسن راجہ ، سیکرٹری برقیات عابدحسین اعوان ،سیکرٹری ایس ڈی ایم اے ظہیر الدین قریشی ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس طاہر قریشی ، ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود چوہان ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر بشیر چوہدری ، کمشنرز،ڈی آئی جی مظفرآباد ، میر پور اور پونچھ ڈویژن ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ احکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر اور ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی ڈاکٹر خالد محمود چوہان اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سہیل اعظم نے آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ تمام ڈویژن کے کمشنر صاحبان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس نے اپنے اپنے ڈویژن میں سکیورٹی اور امن وامان کے بارے میں کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ حکومت کے سیکرٹری صاحبان نے اپنے اپنے محکموں کے بارے میں کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا کہ امن وا مان قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اس وقت آزاد کشمیرمیں امن و امان کی صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے لیکن انتظامیہ پولیس ملک دشمن سرگرمیوں کے حوالے سے کڑی نظر رکھے ۔ محرم الحرام میں مجالس اور یوم عاشورہ کے دن سکیورٹی کو یقینی بنائیں ۔ انتظامیہ مجالس کمیٹیوں اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں سے مکمل رابطہ رکھیں ۔ واک تھرو گیٹ کے ذریعہ انٹری کو یقینی بنائیں ۔ تفرقہ بازی اور منفی تقاریر کا سختی سے نوٹس لیں ۔ سول ڈیفنس ، محکمہ برقیات ، لوکل گورنمنٹ ، محکمہ صحت عامہ ، پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات باہمی رابطہ کو یقینی بنائیں ۔