چین کی دوستی ہمارے لئے قابل رشک اور فخر کی با ت ہے ،گورنر سندھ

چین کی دوستی ہمارے لئے قابل رشک اور فخر کی با ت ہے ،گورنر سندھ

  

کراچی(آن لائن)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے بھی گہری ہے، چین کی دوستی ہمارے لئے قابل رشک اور قابل فخر ہے دنیا میں اس طرح کی شاید ہی کوئی مثال ہو ، چین نے ہر مشکل مراحل میں پاکستان کی سفارتی ، اخلاقی اور سماجی حمایت کی جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ عظیم الشان دوستی کا واضح مظہر ہے ، منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ، معاشی ترقی کے ضامن سی پیک کے کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، منصوبہ سے سب سے زیادہ فائدہ صوبہ سندھ کو حاصل ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 101 فرینڈز آف چائنا اور ڈیلی پاکستان آبزرور کے اشتراک سے ہونے والی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس جس کا عنوان ’’امن کا علمبردارچین‘‘ تھا،سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر فرانس ، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کے قونصل جنرلز ،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ، معروف صنعت کار عارف حبیب ، ایس ایم منیر ، سابق سفیر شاہد امین سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعداد بھی موجودتھی ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 62 ارب ڈالرز کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے سی پیک منصوبہ میں 34 ارب ڈالرز کے توانائی منصوبے بھی شامل ہیں ، سی پیک روٹ پر 46 خصوصی صنعتی زونز بھی تشکیل دیئے جارہے ہیں ، صنعتی زونز کے قیام سے نئی صنعتوں میں اضافہ ہو گا جس سے روزگار کے وسیع مواقع بھی دستیاب ہونگے جبکہ ملکی ریوینیو میں بھی زبردست اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، حکومت صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ، وفاق کی جانب سے دیئے گئے کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی انفرااسٹرکچر کو خاص اہمیت حاصل ہے خاص طور پر سمندری بندر گاہوں کے اطراف تاکہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے اس کی افادیت سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے پاکستان یورپ اور وسط ایشیائی منڈی سے منسلک ہو جائے گا جبکہ پاکستان کو بھی تجارتی منڈی کا درجہ حاصل گا اور اس ضمن میں راہداری سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں بے پناہ اضا فہ ہونے سے زبردست خوشحالی آئے گی ۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کا9000 ہزار کلومیٹر طویل روڈ تعمیر ہو چکا ہے جو کہ منصوبہ کو فعال بنانے کا ایک بنیادی جزو ہے اس کی منصوبہ بندی 2013 ء میں شروع کی گئی تھی ۔

,گورنر سندھ

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -