کرکٹ میں بدترین کارکردگی! کوچ اور کپتان مستعفی ہوں

کرکٹ میں بدترین کارکردگی! کوچ اور کپتان مستعفی ہوں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاید زندگی میں پہلی بار تسلیم کیا کہ اس کی اپنی کارکردگی بھی شکست کا باعث بنی، تاہم پورا سچ پھر بھی نہ بولا اور ملبہ بیٹنگ کے بعد فیلڈنگ اور باؤلنگ پر بھی ڈال دیا حالانکہ باؤلرز نے سرفراز نواز کی شدید غلط کپتانی اور حکمت عملی کے باوجود بنگلہ دیش کو 234 تک محدود کر لیا تھا اور 250نہیں ہونے دیئے۔ کپتان اور چیف کوچ کو ایشیا کپ میں بدترین کارکردگی کے باعث مستعفی ہو جانا چاہیے مگر اتنی اخلاقی جرات کہاں؟ میچ دیکھنے والے شائقین سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ ہی پاکستان ٹیم کی کمزوری کو مدِ نظر رکھ کر کیا اور وہ اس حکمت عملی میں ناکام ہو کر بھی کامیاب ہو گئے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان سنبھال ہی نہ سکے۔ پاکستان کے دونوں اٹیک باؤلروں جنید خان اور شاہین آفریدی نے ابتدائی اووروں ہی میں بنگلہ دیش کے تین اہم کھلاڑی 12رنز کے عوض آؤٹ کر دیئے تھے۔ سرفراز اس کے بعد آنے والے بلے بازوں پر دباؤ برقرار نہ رکھ سکے کہ انہوں نے بنگلہ دیش کو کمزور جان کر باؤلنگ تبدیل کر دی اور اپنے پیاروں کو موقع دیا کہ وہ وکٹیں حاصل کرلیں۔ ان کی یہ سنگین غلطی بنگلہ دیش کے لئے غنیمت ثابت ہوئی اور دونوں بیٹسمین جم گئے اور اچھا ٹوٹل بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا، تبدیل ہو کر آنے والے باؤلر کر دار نہ ادا کر سکے۔ وکٹ ہلکی گرین تھی، فاسٹ باؤلنگ کرنے والوں کے گیند سوئنگ کر رہے تھے، ایسے میں آفریدی اور جنید سے مزید دو دو اوور کرالئے جاتے تو شاید پارٹنرشپ ٹوٹ جاتی کہ شفیق الرحیم 99نہ کر پاتے۔ سرفراز احمد اور مکی آرتھر کو فوراً مستعفی ہونا چاہیے کہ آگے زیادہ ٹف سیریز آ رہی ہیں۔مکی آرتھر کی حکمت عملی اور دعویٰ ہے کہ وہ انہی نوجوان کھلاڑیوں سے 2019ء میں ورلڈکپ جیتیں گے۔ کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ ان کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ جیتا باقی سب ہارے ہیں ان سے توقع عبث ہے کہ مکی نے سینیٹرز کو ٹیم سے نکال دیا، صرف ایک شعیب ملک رہا اس نے ہی سکور بھی کئے۔ یہ مافیا تو حفیظ کو ٹیم میں شامل کرکے ساتھ لے کر نہیں گیا تھا اب چیف کوچ، چیف سلیکٹر اور کپتان سرفراز کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ سلیکشن کمیٹی ختم کر دینی چاہیے اور نئے حضرات کو موقع دینا چاہیے اور چیف کوچ، کپتان اور چیف سلیکٹر کو مستعفی ہو جانا ہوگا۔

مزید : رائے /اداریہ