شہر میں صفائی سوفیصد یقینی بنانے کیلئے اداروں کو 3دن کی مہلت
لاہور(جنر ل رپورٹر ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر ہر شہرمیں 100فیصد صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا ہے اور اس ضمن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ہر ادارے کیلئے 3دن کی مہلت ہے کہ وہ مشینری کرائے پر حاصل کرنے سمیت دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائیں اور صفائی کا وہ معیار قائم کریں جس کی عوام اْن سے توقع رکھتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری افسروں یا سیاسی شخصیات کے گھروں پر کام کرنے والے اہلکاران 2دن میں دفتر واپس رپورٹ کریں وگرنہ ان گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں فارغ کر دیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ صفائی کی صورتحال کے بارے میں لاہور سمیت ملتان،گجرانوالہ اور فیصل آباد کے شہروں سے بہت زیادہ شکایات ہیں جن کو کم سے کم وقت میں دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے ،انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر کے بعد وہ خود مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور ذمہ داران کے خلاف موقع پر ہی سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کو لاہور ،گجرانوالہ ،راولپنڈی ،فیصل آباد ،سیالکوٹ ،ملتان اور بہاولپور کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اداروں کے سربراہان و متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے وہاں موجود مسائل سے آگاہ کیا جبکہ سیکرٹری بلدیات عارف انور بلوچ نے مجموعی طور پر صوبے کی صفائی کے اداروں کے سٹرکچر اور درپیش مشکلات اور اْن کے حل کی نشاندہی کی ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ بہاولپور کے ویسٹ مینجمنٹ کے ادارے کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سراہا گیا۔