سندھ حکومت سے متعلق منفی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے،مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت سے متعلق منفی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے،مرتضیٰ وہاب

کراچی(آن لائن)مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور اداروں کے متعلق کچھ دنوں سے منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے‘میڈیا ہاوسز حکومتی منصوبوں کو تنقید کی بجائے درست تشہیر کریں۔جمعرات کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے این آئی سی وی ڈی کابجٹ صرف سترکروڑ تھا لیکن سندھ حکومت کی کوششوں سے آج اس کا بجٹ ساڑھے آٹھ ارب ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سندھ کے مختلف شہروں میں این آئی سی وی ڈی کے سینٹر چل رہے ہیں۔ ملک بھر سے لوگ مفت علاج کرا رہے ہیں۔ جناح اسپتال کے کینسروارڈ میں بھی ملک بھر سے لوگ مفت علاج کرانے آتے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان اداروں کی درست تشہیر کریں۔ چیف جسٹس جب جناح اسپتال کے دورے پر آئے تو خوش ہوکر گئے۔ انہوں نے جناح ہسپتال کو بہتر کارکردگی پر انعام دیا، تھر پارکر کی بچی کا علاج جناح ہسپتال میں چل رہا ہے۔ یہ اسپتال سندھ حکومت کی کارکردگی ہے لیکن پی ٹی آئی والے ٹوئٹر پر صرف کریڈٹ لے رہے ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی شکایت یا بچوں کے اغواکی شکایات ملتی ہیں تو حکومت کارروائی کرتی ہے۔ بچوں کے اغوا سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب

مزید : علاقائی