انٹرنیشنل یوتھ گیدرنگ کے پاکستان میں انعقاد سے دنیا بھر میں مثبت امیج جائے گا،ڈاکٹر مشتاق

انٹرنیشنل یوتھ گیدرنگ کے پاکستان میں انعقاد سے دنیا بھر میں مثبت امیج جائے ...

لاہور(پ ر) ا لخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورنیا بھر کی رفاعی تنظیموں کی نمائندہ تنظیم یونیو(دی یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ) کے تعاون سے لاہور میں ’’یونین فور پِیس‘‘ کے عنوان کے تحت ایک انٹرنیشنل یوتھ گیدرنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 15ممالک سے 60سے زائدجبکہ پاکستان سے سینکڑوں طلبہ و طالبات ،مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ڈائریکٹرز، نامور موٹیویشنل اسپیکرز،ٹرینرز، سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیا نمائندگان، یوتھ سوسائٹیز سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

نٹرنیشنل یوتھ گیدرنگ کی تیاریوں کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ یہ 3روزہ یوتھ گیدرنگ 28 تا 30 ستمبر دی پنجاب سکول ،خیابانِ جناح لاہورمیں منعقد کی جائے گی جس میں مسلم ممالک میں امن کے فروغ، پاکستانی تہذیب و ثقافت اور سیاحت، مسلم سوسائٹی میں خواتین کا کردار،پرسنل ڈویلپمنٹ، بین العقائد ہم آہنگی میں نوجوانوں کے کردار، مختلف مذاہب اور امن، امن کے قیام میں ہمارے اساتذہ،نصاب اور تعلیمی اداروں کے کردار، مسئلہ کشمیر، مسلم امہ کو درپیش مسائل، ان کے حل، اس میں نوجوانوں کے کردار اورنوجوانوں میں ڈیجیٹل ورلڈ کی بڑھتی ہوئی اہمیت وافادیت کے حوالے سے سیشنزاور پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ یہ یوتھ گیدرنگ دنیا بھر میں پاکستان اور پاکستانی نوجوانوں کا ایک مثبت امیج دکھانے میں مددگارثابت ہوگی۔ سیکرٹری جنرل یونیو علی کرت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی دیگر سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی تعمیرِ کردار اور ان کو متحدکرنے کے حوالے سے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔اس موقع پر ینگ یونیو کے صدر سردار بیرام نے بتایا کہ ینگ یونیو، یونیو کی ذیلی تنظیم ہے جو کہ دنیا بھر کے مسلم ممالک کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فورم پر اکٹھا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔اس مقصد کے تحت 2008سے اب تک ترکی، انڈونیشیا ،ملائشیا، سوڈان، مراکش، البانیہ اور قبرص میں مجموعی طور پر 13یوتھ گیدرنگز کا انعقاد کیا جاچکا ہے جس میں 50مختلف ممالک سے 1000سے زائد نوجوان شرکت کرچکے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1