ہسپتالوں کے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،یاسمین راشد

ہسپتالوں کے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،یاسمین راشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پیرا میڈیکل سٹاف سمیت سرکاری ہسپتالوں کے دیگر ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرا میڈیکل سٹاف کے وفد سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کے تدارک کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وفد میں پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر تنویر بھٹی، ضلعی صدر محمد ارشد بٹ، رانا تنویر، عمرخان، چودھری عبدالمجید، رانا عرفان، منیر عمر، عمران گجر، راشد گجر و دیگر شامل تھے۔

پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر رانا تنویر اورضلعی صدر محمد ارشد بٹ نے ہسپتال کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈیلی ویجز ، ورک چارج ملازمین کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ریگولر کیا جائے۔ نئی بھرتی میں قانون کیمطابق 20 فیصد کوٹہ دیا جائے، گریڈ پانچ سے 15 تک رسک الاؤنس دیا جائے۔ نان ٹیکنیکل پوسٹ کو اپ گریڈ کیا جائے، سیکیورٹی سپروائزر اور دیگر کیٹگری سمیت دیگر مطالبات ہیں جن کو حل کرنے کے لئے سابقہ حکومت نے بار باریقین دہانیوں کے باوجود حل نہیں کئے۔ وفد نے اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو صوبائی وزیر صحت بننے پر مبارکباد بھی دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے پیرا میڈیکل سٹاف کے مطالبات کے حل کے لئے ڈاکٹر کامران سعید کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پیرا میڈیکل سٹاف کی چھ رکنی ٹیم بنا دی ہے جو پیرا میڈیکل سٹاف کے مطالبات کے حل کے لئے کردارادا کرے گی۔ واضح رہے کہ اجلاس میں لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں سے پیرا میڈیکل سٹاف کے عہدیداران نے شرکت کی۔