گیس کی قیمتوں میں اضافہ چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے ، پرویز ملک

گیس کی قیمتوں میں اضافہ چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے ، پرویز ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر )مسلم لیگ (ن) لاہورکے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک ،جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا کہ گیس مہنگی کرنا چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے لیکن ضمنی انتخابات میں عوام ان ناانصافیوں کا جواب دیں گے،حکومت نے آتے ہی عوام پر مہنگائی بم گرا دیا ہے، اگر من پسند احتساب کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز این اے 124میں الیکشن مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علی عدنان ملک علی عمران ملک،سعدیہ تیمور،ربیعہ نصرت،رانا احسن شرافت،عامر خان سید توصیف شاہ،رانا احسن شرافت چوہدری عبدالمجید چن نمبردار اور جاوید اقبال سمیت دیگربھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو حکومت کے خلاف کچھ کرنے کی ضرورت نہیں 100دن گزرنے دیں اپنی سیاسی موت آپ موت مر جائے گی ،ابھی ایک ہفتہ ہوا ہے اور حکومت بے نقاب ہو گئی ہے،حکمران سیاسی مخالفین کودیوار سے لگانے کی کوشش نہ کرے ورنہ حکومت نہیں چلنے دی جائے گی ن لیگ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر انتخابات کروائے گئے ہیں پھر بھی کامیابی نہ ملنے پر انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا ہے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں۔

،بیرونی قرضوں پر تنقید کرنے والوں کے پاس کوئی متبادل پروگرام نہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ملک کو بحرانوں سے نکالا سی پیک جیسے منصوبوں سے ملکی معیثت بہتری کی طرف گامزن ہوئی لوڈ شیڈنگ کے بحران کو ختم کرنے کے لیے بجلی کے نئے کارخانے لگائے موٹرویز تعمیر کی جس سے پاکستان کے دنیا بھر میں وقار بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اسمبلی میں بھی احتجاج ہوگا جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے احتجاج میں حصہ لیکر بتایا ہے کہ انتخابات شفاف نہیں ہوئے جعلی مینڈیٹ لاڈلے کو دلایا گیا ہے،یہ لوگ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل تک لے جانے کی اہلیت نہیں رکھتے،ان کے جھوٹے دعوں کی ہنڈیابہت جلد بیچ چوراہے میں ٹوٹ جائے گی۔