قانون سب کیلئے برابر ،کسی سے رعایت نہ کی جائے، جسٹس علی اکبر قریشی
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرنیوالے اور ہیلمٹ نہ پہننے والے وارڈنز اور پولیس اہلکاروں کے چالان کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا،عدالت نے قراردیا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے ،کسی سے رعایت نہ کی جائے ۔درخواست گزار مقامی شہری کے طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ ٹریفک اور پولیس اہلکار خود بھی ٹریفک رولز پر کاربند نہیں ہیں ،عدالت نے پولیس اہلکار وں اور وارڈنز کی جانب سے ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے اور سگنل کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکاروں اور ورڈانز کے چالان کرکے محکمانہ کاروائی کی جائے۔عدالت نے قرار دیا کہ چاہے پولیس والا ہویا عام شحض ،قانون سب کے لئے برابر ہے، جو قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کوعدالتی حکم پر فوری طور عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔