جیل روڈ،سروس روڈ پر کھڑی گاڑیاں فوری طور پر ہٹانے کا حکم

جیل روڈ،سروس روڈ پر کھڑی گاڑیاں فوری طور پر ہٹانے کا حکم

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے جیل روڈ کے سروس روڈ پر کھڑی شوررومز کی گاڑیاں فوری طور پرہٹانے کا حکم دے دیا۔مسٹر جسٹس علی اکبر قریشی نے اس حوالے سے اے سی سٹی لاہورکو ہدایت کی ہے کہ جیل روڈ کے فٹ پاتھ اور سروس روڑ کو شہریوں کے لئے فوری بحال کیا جائے۔عدالت نے یہ احکامات اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پرجاری کئے ہیں۔دوران سماعت فاضل جج نے اس بابت مزیدہدایت کی کہ جیل روڈ کے سروس روڈ پر شوررومز کی گاڑیاں نظر نہ آئیں، ٹریفک میں خلل پیدا کرنے اورفٹ پاتھوں پر پیدل چلنے والے شہریوں کے لئے رکاوٹ ڈالنے والوں خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے قراردیا شوررومز کے مالکان نے شہریوں سے پیدل چلنے کی سہولت بھی چھین لی ہے۔عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شام 4بجے جیل روڈ کے سروس روڈ اور فٹ پاتھوں پر شورومز والوں کی طرف سے کھڑی کی گئی گاڑیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا جائے۔عدالت نے یکم اکتوبر کو عمل درآمد کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جیل روڈ کے سروس روڈ پر شوررومز کی گاڑیاں کھڑی ہونے سے ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے ،درخواست گزار نے استدعا کی کہ جیل روڈ سے فوری گاڑیاں ہٹانے اور سروس روڈ کوفٹ پاتھ سمیت اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزید : علاقائی