7گاڑی چورگرفتار،20 گاڑیاں ،40 موٹر سائیکلیں اور ماسٹر کیز برآمد

7گاڑی چورگرفتار،20 گاڑیاں ،40 موٹر سائیکلیں اور ماسٹر کیز برآمد

لاہور (کرائم رپورٹر)اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف صدر نے کاروموٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث7ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے3کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری کی گئی 20 گاڑیاں ،40 موٹر سائیکلیں اور ماسٹر کیز برآمد کر لی ہے۔ یہ بات ایس پی اے وی ایل ایس عاطف حیات نے تھانہ ٹاؤن شپ میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی صدر ظفر جاوید ملک کی سربراہی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سب انسپکٹر محمد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیموں نے کار و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 2گروہوں کے7ملزمان اویس عرف لاہوری ، ملک مظہر،زاہد گل ، محمد جاوید،عابد عرف عابی ،محمد اکرام اور محمد شہباز کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 3کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری کی گئی1 لینڈ کروزر، 12 ٹیوٹا کرولا ، 5 ہنڈاکاریں،1 کیا کلاسک ، منی مزدا ٹرک ،40موٹر سائیکلیں اور ماسٹر کیز برآمد کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان گھروں، پارکنگ اسٹینڈز اور پلازوں کے باہر کھڑی گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کر لے جاتے اور گاڑیوں کو علاقہ غیر لے جا کر اُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔

ایس پی AVLSنے مزید بتایا کہ دوران تفتیش ملزموں نے لاہور شہرکے مختلف تھانوں کی حدود سے کار و موٹر سائیکل چوری کی 55وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔آخرمیں ایس پی اے وی ایل ایس نے برآمد کی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں اصل مالکان میں تقسیم کیں۔

ایس پی AVLS عاطف نذیر نے کار و موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کیلئے تعریفی اسنادکا اعلان بھی کیا۔

مزید : علاقائی