بیوی کو منانے میں ناکامی پر خاوند کی خودکشی ، خلع مانگنے پر شوہر نے اہلیہ کو زندہ جلا ڈالا

بیوی کو منانے میں ناکامی پر خاوند کی خودکشی ، خلع مانگنے پر شوہر نے اہلیہ کو ...

لاہور(خبرنگار)ساندہ کے علاقے میں بیوی کو منانے میں ناکامی پر 30 سالہ شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی ،اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش قبضے میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ،شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ میں خاتون نے علیحدگی کے لیے خلع کا دعویٰ دائر کررکھا تھا جس کی رنجش میں شوہر نے بیوی پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ جاں بحق ہوگئی ۔پولیس نے لاش اپنی تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کردیا، بتایا گیا ہے کہ ساندہ کا رہائشی 30 سالہ جنید بیوی کے ناراض ہو کر والدین کے گھر جانے پر افسردہ تھا۔ گزشتہ روز جنید اپنی بیوی کو منانے کے لیے سسرال گیا مگر وہ نہ مانی جس پر جنید نے گھر واپس پہنچ کر زہریلی گولیاں کھا لیں جس کی وجہ سے اس کی حالت غیر ہو گئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی اطلاع ملنے ر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ دوسری جانب جنید کے لواحقین کا الزام ہے کہ سسرال نے گولیاں کھلا کر جنید کو قتل کیا۔شاہدرہ ٹاؤن کے رہائشی محمود اور اس کی بیوی عاصمہ بی بی کا آپس میں جھگڑا چل رہا تھا جس کے لیے اس کی بیوی نے عدالت میں خلع کا دعویٰ دائرکردیا جس کا اس کے شوہر کو رنج تھا اور اس نے طیش میں آکر اپنی بیوی پرتیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے عاصمہ بی بی بری طرح جل گئی جسے طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیا تھا جہاں چند دن کی علالت کے بعد خاتون جاں بحق ہوگئی ۔اس واقع کی اطلا ع ملتے ہی پولیس نے پہنچ کرلاش اپنی تحویل میں لے کر مرد ہ خانے منتقل کردی ۔ مقتولہ محمود کے 5بچوں کی ماں تھی ،پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کے آخری دیے گئے بیان کو قلمبند کرلیاگیاہے تاحال ابھی تک مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔

مزید : علاقائی