پاکستان ورکرز فیڈریشن کا چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ

پاکستان ورکرز فیڈریشن کا چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان ورکرز فیڈریشن نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اورخیبر پختونخوا حکومت سمیت وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتوں سے مزدوروں کی ماہانہ مقررہ اجرت کی عدم ادائیگی اوران کے استحصال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیاجبکہ پی ڈبلیو ایف نے اس سلسلے میں ملک بھر میں تحریک چلانے کا بھی عندیہ دیدیاجس کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔پاکستان ورکرز فیڈریشن کے نیشنل کوآرڈینیٹرشوکت علی انجم نے اس حوالے سے بتایا کہ نجی کمپنیوں ، ملوں اور کارخانومیں مزدوروں کا استحصال تاحال جاری ہے اور مالکان کی جانب سے حکومتی قوانین مسلسل اور بے خوفی کیساتھ نظرانداز کئے جاتے ہیں ، حکومت کی جانب سے مزدوروں کیلئے ماہانہ اجرت کم سے کم پندرہ ہزار روپے مقرر کی گئی تھی تاہم اکثر جگہوں پر مزدوروں کو آٹھ ہزار سے بارہ ہزار تک ماہانہ روپے دیئے جاتے ہیں ، چھٹیوں کی صورت میں ان سے بھاری کٹوتی کی جاتی ہے اورآٹھ گھنٹوں سے زیادہ کام بھی ان سے لیا جاتا ہے جو نہ صرف ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کیساتھ ہونیوالوں معاہدوں کی بھی نفی ہے ۔شوکت علی انجم نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اورچاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کو مقررہ اجرت دلوانے کیلئے نجی کارخانو، ملوں اورکمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کرے اور ان کیلئے بنائے گئے قوانین پر عملد ر آمد یقینی بنایاجائے ۔