فوڈ اتھارٹی کی پشاور شہر اور مضافات میں کارروائی، چپس فیکٹریاں اور کینٹین سیل

فوڈ اتھارٹی کی پشاور شہر اور مضافات میں کارروائی، چپس فیکٹریاں اور کینٹین ...

پشاور (سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے جمعرات کو مختلف کاروائیوں کے دوران اشیائے خوردنوش کے پانچ پوائنٹس کو سیل کردیا جبکہ پشاور کی سب سے بڑی سبزی منڈی کا معائنہ بھی کیا۔ سبزی منڈی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر عملے کو تین ہفتے کی ڈیڈلائن دے دی گئی۔ عملے نے آل پاکستان سبزی وفروٹ یونین کے صدر اور عملے کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں سبزی منڈی کی صفائی کی حالت بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا کہا۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عباس نے علی الصبح چمکنی میں انقلاب روڈ پر واقع پشاور کی سب سے بڑی سبز اور فروٹ منڈی کا معائنہ کیا اور صفائی کی ناقص صورتحال پر عملے کو وارننگ دیتے ہوئے تین ہفتے کی مہلت میں نکاسی کے نظام سمیت صفائی کی صورتحال بتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔دوسری جانب پھندوروڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کریک ڈان کے دوران گھروں میں واقع تین نمکو، پتاسہ اور چپس فیکٹریوں کو ناقص صفائی اور غیرمعیاری اجزا کے استعمال پر سیل کردیا گیا۔ کاروائی کے دوران پندرہ من غیرمعیاری دال اور بیس ٹین غیرمعیاری آئل بھی تلف کیا گیا۔دوسری جانب تعلیمی اداروں میں جاری کریک ڈان کے دوران یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کیمپس کے کینٹین کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کردیا ۔ کینٹین میں صفائی کی صورتحال ابتر تھی جبکہ کچن خستہ حالی کا شکار تھا۔ واضح رہے کہ کے پی فوڈ اتھارٹی کا آپریشن مشن سکول آج اختتام پزیر ہوا جس کی تفصیلات اسی ہفتے میڈیا کیساتھ شئیر کی جائینگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر