لوئر دیر میں دفعہ 144 کا نفاذ ،مضر صحت اشیاء فروخت کرنے پر پابندی

لوئر دیر میں دفعہ 144 کا نفاذ ،مضر صحت اشیاء فروخت کرنے پر پابندی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنردیر لوئر سرمد سلیم اکرم کی جانب سے تعلیمی اداروں سمیت ضلع بھر میں مضر صحت زائدالمیعاد اور غیر معیاری اشیائے خوردنوش کی فروخت پردفعہ 144 کے تحت لگائی گئی پابندی کے نتیجے میں محکمہ خوارک دیر لوئر کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے تیمرگرہ سٹی اور اسکے مضافات میں متعدد مقامات پر چھاپے مار کر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی ہے اور غیر معیاری و مضر صحت اشیاء خوردونوش کو قبضے میں لے لیا ہے ۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر دیر لوئر نے تیمر گرہ سٹی کے متعدد تعلیمی اداروں ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تیمر گرہ ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول تیمر گرہ ، گرلز ہائر سیکنڈ ری سکول تیمر گرہ ، گورنمنٹ مڈل سکول تیمر گرہ ، دی آفیسر ز سکول اینڈ کالج تیمر گرہ اور نعیم پبلک سکول اینڈ کالج تیمر گرہ کے مقامات پر اچانک چھاپے مارے اور وہاں پر غیر معیاری اور مضر صحت چپس سویٹس اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے ان پر بھاری جرمانے عائد کئے اور مضر صحت اشیاء کو اپنے قبضے میں لیا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے کہا کہ مضر صحت اشیاء بیچنے والوں کے ساتھ رعایت کرنے کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ یہ معصوم جانوں کیساتھ کھیل رہے ہیں ۔انھوں نے اپنے فیلڈ سٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں کے اندر اور باہر ٹک شاپس کا باقاعدگی کے ساتھ معائینہ کیا کریں اور مضر صحت اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے ۔