30دن کی کارکردگی سابق دور سے کہیں بہتر ، کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ، عثمان بزدار

30دن کی کارکردگی سابق دور سے کہیں بہتر ، کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ، عثمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی سابق ادوارسے کہیں بہتر ہے۔ ہماری حکومت کے دور میں 30دن میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں اور ہماری کارکردگی سے عوام کو تبدیلی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اورعوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے شب روز کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپشن کرنے والا بچ نہیں پائے گا۔ کرپٹ مافیا کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے اورہماری حکومت قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کام کررہی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لوگوں کے مسائل بھی سنے اوران کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ سردار عثمان بزدار سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیا ریجن کے کنٹری ڈائریکٹر پیچا ماتھو الانگو نے ملاقات کی۔ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جاری پروگرام اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور عالمی بینک نے مستقبل میں مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت، اربن ڈویلپمنٹ اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک پنجاب حکومت کا ایک مضبوط پارٹنر ہے اور سماجی شعبوں کی ترقی کے حوالے سے عالمی بنک کا تعاون لائق تحسین ہے۔ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، زراعت اور آبپاشی کے شعبوں میں بھی عالمی بینک کی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچا ماتھو الانگو نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گااور وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیحات کو مستقبل میں معاونت کے شعبوں میں شامل کریں گے۔ عالمی بینک پنجاب حکومت کیساتھ قریبی تعاون کے تحت کام جاری رکھے گا۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور عالمی بینک کے مختلف شعبوں کے ماہرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار عثمان بزدار سے بیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ نے ملاقات کی۔ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیااور سرمایہ کاری کے امکانات بڑھانے کا جائزہ لیاگیا۔ بیلاروس کے سفیر نے سردار عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کی فلاح ہے اوراس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پوری طرح کوشاں ہیں۔نئے پاکستان میں دوست ملکوں کیساتھ سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔بیلاروس اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک، صنعت، ٹیکسٹائل، آٹو موبائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ سرکاری محکمے مالیاتی ڈسپلن پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلی نے کہاکہ مالیاتی امور میں شفافیت کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے اور مالیاتی امور کے بارے میں حکومتی پالیسی کو مدنظر رکھا جائے۔اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت، صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال،چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سردار عثمان بزدارنے مظفر گڑھ کے علاقے میں وین میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او مظفرگڑھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک واقعہ میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر مجھے دلی دکھ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ بچوں کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔وز یراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔مزید براں وزیراعلیٰ نے مشیر صحت حنیف پتافی کو فوری طو رپر نشتر ہسپتال ملتان روانہ ہونے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ حنیف پتافی جھلس جانے والے بچوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں اوران کے علاج معالجے کی خود نگرانی کریں۔

مزید :

صفحہ اول -