تبدیلی کانعرہ دکھانیوالوں نے عوام کودن میں تارے دکھادیے،شیخ آفتاب

تبدیلی کانعرہ دکھانیوالوں نے عوام کودن میں تارے دکھادیے،شیخ آفتاب

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیے ہیں۔تین سو کنال زمین پر ایک بیوی اور کتے کے ہمراہ رہنے والا دوسروں پر عیاشیوں کے الزامات لگا رہا ہے۔ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کی، ملک گیر سڑکوں کے جال بچھائے اور سستی ترین گیس منصوبوں پر کام کیا مگر چند دنوں میں ہی ہماری طویل محنت پر پانی پھیر دیا گیا۔ آج عالمی دنیا میں ہم مذاق بنتے جا رہے ہیں۔حکومت کو کھیل سمجھنے والوں نے کشکول توڑنے کے دعوے کر کے پوری دیگ اٹھا کر مانگنا شروع کر دیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں عوام جھوٹے نعرے لگانے والوں کو مسترد کر کے شیر کو کامیاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر مملکت اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء شیخ آفتاب احمد نے حسن ابدال میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے حلقہ پی پی 3کے مسلم لیگ کے نامزد امیدوار سردار افتخار احمد عرف مٹھو خان کے الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طعنہ دیا گیا کہ نواز شریف گیارہ سو کنال کے وزیر اعظم ہاوس میں رہائش پذیر تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کے زیر استعمال صرف چار کمرے تھے باقی تمام دفاتر وزیر اعظم ہاوس کے اسٹاف کے تھے جو آج بھی وہاں ہی موجود ہیںیہ صرف عوام کو گمرا ہ کرنے کے لیے پروپیگنڈہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو انتخابات سے دور رکھنے کے لیے سزا دی گئی اور انہیں صرف اس ملک کی خدمت کرنے اور اسے ایٹمی طاقت بنانے کی سزا دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک طویل محنت کے بعد ملک کو ترقی کی راہوں پر گامز ن کیا تھا مگر نا تجربہ کار اور ملک چلانے کو کھیل سمجھنے والوں نے چند روز میں ہی عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ مہنگائی کے بم گرانے کے بعد آج کشکول توڑنے کے دعوے دار پوری دیگ اٹھا کر دنیا سے مانگ رہے ہیں اور اس ملک کو عالمی دنیا میں مزاق بنا دیا گیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی پی 3سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار سردار افتخار احمد عرف مٹھو خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کسی مخالف کو ضرورت نہیں رہی آج حکومت نے اپنی ناقص پالیسیوں کے باعث دو ماہ میں ہی لوگوں کو مایوس کر دیا ہے۔ آج عوام میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں اور ان کے دور اقتدار کو یاد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹک کی سیاست کا رخ بھی تبدیل ہو چکا ہے اور آج ن لیگ اٹک کی سب سے بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے یہی وجہ ہے کہ مخالف سیاسی جماعتوں کی صفوں میں ہلچل مچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد علاقے کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے کوشش کریں گے اور یہاں کے عوام کو ترقی کے جس سفر سے دور رکھا گیا اس کو پورا کیا جائے گا۔دیگر خطاب کرنے والوں میں سٹی صدر مسلم لیگ (ن) شیخ اشتیاق احمد ۔صدر فتح جنگ سردار قدیر خان۔چیئرمین یو سی بھلڑ جوگی میاں حبیب الرحمن اور دیگر بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ضلعی صدر سلیم شہزاد۔چیئرمین یو سی جلو چوہدری رضوان۔چیئرمین یو سی برہان حاجی رفاقت ۔جھنگ سے لالہ بنارس ۔حضرو سے ڈاکٹر محمد اشرف بٹ۔سٹی صدر یوتھ ونگ تیمور ساجد خان اور نائب صدر تحصیل یاسر خان جنون سمیت بڑی تعداد میں پارٹی ورکر موجود تھے۔ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کی جانب سے مرکزی الیکشن آفس کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا گیا جبکہ اس موقع پر پارٹی ترانوں کی گونج میں پارٹی اور میاں نواز شریف کے حق میں نعرہ بازی بھی کی جاتی رہی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر