اٹک میں پی ٹی آئی کامقابلہ کسی کے بس کی بات نہیں،اکبرتنولی

اٹک میں پی ٹی آئی کامقابلہ کسی کے بس کی بات نہیں،اکبرتنولی

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)احتساب کے خوف سے شور مچانے والوں کو عوام ضمنی انتخابات میں دوبارہ مسترد کر دیں گے۔عمران خان نے طویل جدو جہد کے بعد اس ملک کو کرپشن مافیہ سے پاک کرتے ہوئے تبدیلی کے سفر کو شروع کیا۔ اٹک میں پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔پی پی 3کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ ہماری سیاست کا محور ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 3اکبر خان تنولی نے حلقہ کے دورے کے موقع پر اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے یونین کونسل دھریک میں منظور شاہ۔ناصر شاہ۔حاجی لطیف جنہوں نے تحریک لبیک چھوڑ کر پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا سے ملاقات کی جبکہ باہتر میں محمد افضل اور محمد سرور سمیت دیگر اہم شخصیات سے بھی انتخابات کے حوالے سے مشاور ت کی گئی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر خان تنولی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک میں حقیقی جمہوریت کے لیے کوشاں ہے جہاں ہر شہری کو برابر حقوق میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہنشاہوں کی طرح اس ملک کے غریب عوام پر حکمرانی کی گئی اور غریب کو غریب تر بنایا گیا تا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں پوری کر سکے۔انہوں نے کہا کہ اٹک کو اپنا گھر کہنے والوں نے اس کو محرومیوں کا شکار رکھا اور آج تک یہاں کے عوام بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں مگر اب پی ٹی آئی کی حکومت میں ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بڑے بڑے دعوے کرنے والے ایک طویل عرصہ تک حکومت میں رہے وہ پہلے اپنی سابقہ کارکردگی کا حساب عوام کو دیں ۔اکبر خان تنولی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی پی 3کے عوام پی ٹی آئی کو کامیاب کر کے ثابت کر دیں گے کہ وہ ان چوروں لٹیروں سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر