ماحولیاتی آلودگی بارے شعورپیداکررہے ہیں،،ڈی سی جہلم
جہلم(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر جہلم محمد جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے عوامل کے خلاف جاری اقدامات کو مزید بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے اس ضمن میں عوامی شعور کے لیے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں میں اپنے ماحول کے تحفظ کا احساس پیدا کیا جارہا ہے ۔سردی کے موسم میں ہونے والی سموگ اور دھند کے تدارک کے لیے پہلے سے ہی اقدامات کیے جارہے ہیں، اسی طرح ضلع جہلم میں موسم سر ما کے دوران دھند کی روک تھام کے لئے حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق 20اکتوبر سے بھٹہ خشت کو 31دسمبر تک بند کر دیا جائے گا تا کے بھٹہ سے سموگ پیدا کرنے والا دھواں نہ نکلے جبکہ دھوان چھوڑنے والی گاڑیاں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محکمہ ماحولیات، زراعت، جنگلات، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ، میونسپل کمیٹی، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کو دھواں کے اخراج کے حاتمے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں اورتمام اسسٹنٹ کمشنرز کو چیکنگ کے ساتھ ساتھ ہفتہ وار رپورٹ کی وصولی کا حکم بھی دیا۔ اس اہم اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خالد محمود ٹیپو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ، اے جہلم اطیب سلطان، اے سی دینہ امبر گیلانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، سی ای او ایجوکیشن طارق محمود، سی او ایم سی ناصر وڑائچ، ایف ڈی ایف او سدھیر مغل، انسپکٹر ٹریفک پولیس، انسپکٹرز محکمہ ماحولیات اور دیگر محکموں سے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے بھٹہ ایسوسی ایشن اور انڈسٹریز کو ایس او پیز جاری کیے جا رہے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی سموگ کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم میں محکمہ تعلیم، صحت، زراعت اور اطلاعات کام کریں گے ، انہوں نے کہاکہ فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لئے ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے جس کی فری ڈسٹربیوشن بھی محکمہ صحت کی ذمہ داری ہوگی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال نے کہا ہے کہ پانی معمول سے زیادہ پیا جائے ، گھر سے باہر رہنے والے افراد اپنی آنکھوں کو پانی کے ساتھ صاف کریں اور ڈرائیونگ اختیاط سے کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے فضائی آلودگی کی روک تھام کے لئے محکمہ ماحولیات سمیت دیگر ڈیپارٹمنٹس کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس ضمن میں تحصیل مانیٹرنگ کمیٹیاں اور تحصیل سطح پر ہفتہ وار اجلاس منعقد کروانا اسسٹنٹ کمشنرز کی ذمہ داری ہوگی ۔