الخدمت چائلڈکیریکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت اسٹڈی سینٹرقائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت چائلڈ کیریکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملیر میں اسٹڈی سینٹرقائم کردیا گیا ۔اسٹڈی سینٹرکا افتتاح امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی وسابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی اور ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام راشد قریشی نے کیا ۔اس موقع پر مصعب بن خالد ،محمد ہارون راجپوت اوردیگر ذمہ داران موجود تھے ۔منیجرآرفن کیئر پروگرام مصعب بن خالد نے بتایا کہ الخدمت چائلڈ کیریکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت کراچی میں یہ نواں اسٹڈی سینٹر ہے ۔تما م اسٹڈی سینٹرز میں یتیم بچوں کے ساتھ ساتھ ان کی ماؤں اور سرپرستوں کی اخلاقی وسماجی لحاظ سے تربیت اور کردارسازی کی جارہی ہے ۔انہوں بتایا کہ اسٹڈی سینٹرز میں باقاعدگی کے ساتھ ماہانہ بنیاد پر ورکشاپس منعقد ہوتی ہیں ۔جہاں یتیم بچوں ،ان کی ماؤں اور سرپرستوں کو مدعو کیا جاتا ہے ۔اس موقع پریونس بارائی نے کہا کہ الخد مت کئی دہائیوں سے زندگی کے 7شعبہ جات میں گراں قد رخدمات انجام دے رہی ہے ۔چائلڈ کیریکٹر ڈیو یلپمنٹ پروگرام ایک منفرد پروگرام ہے ،جس کے ذریعے آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ بچوں کی اخلاقی وسماجی لحاظ سے تربیت کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی کی ضرورت ہے اورالخدمت کا چائلڈ کیریکٹرڈیویلپمنٹ پروگرام اس ضمن میں بچوں کی شخصیت کی تعمیر کیلئے بھرپورکام کررہا ہے ۔الخدمت قابل قدر کام کررہی ہے۔راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کے تحت ملک بھرمیں 11ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔ ان بچوں کی کفالت کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی کی بھی ضرورت تھی ۔الخدمت یتیم بچوں کی شخصیت کی تعمیر میں اپنا کرداراداکر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ایسے مزید اسٹڈی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔مخیر افراد الخدمت کے ساتھ تعاون کریں ۔