جس چینل نے خاتون اول بشریٰ بی بی کا انٹرویو کیا اس کی ریٹنگ کتنی آئی ؟ جان کر تحریک انصاف کے کارکنوں کو بھی یقین نہیں آئے گا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بیگم کی شخصیت معلومات نہ ہونے کے باعث عوام کیلئے ایک ’پراسرار چیز‘ تھی جس کے بارے میں ہر روز ایک نئی افواہ سننے کو ملتی تھی لیکن جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جہاں ان کے پہلے ٹی وی انٹرویو نے ان کی ذات کے بارے میں بہت سی غلط فہمیوں کو دور کیا ہے وہیں ان کا یہ انٹرویو چینل کیلئے آکسیجن کا کام کرگیا ہے اور اس کی ریٹنگ ریکارڈ توڑ آئی ہے۔
خاتون اول بشریٰ بی بی کا انٹرویو سینئر اینکر پرسن ندیم ملک نے کیا ہے جو اب سما ٹی وی کو چھوڑ کر ہم نیوز کا حصہ بن چکے ہیں۔ ہم نیوز کچھ عرصہ پہلے ہی لانچ ہوا ہے اور اپنی منفرد اور غیر جارحانہ (یعنی بریکنگ نیوز کے بغیر خبریں) پالیسی کے باعث شور شرابے کے عادی پاکستانیوں میں اتنی مقبولیت حاصل نہیں کرسکا ہے لیکن بشریٰ بی بی کے ایک انٹرویو نے چینل کو ہر خاص و عام سے متعارف کرادیا ہے۔
ندیم ملک نے بشریٰ بی بی کا انٹرویو رات 8 سے 9 کی سلاٹ میں کیااور اس دوران ہم نیوز کی ریٹنگ تمام چینلز سے آگے رہی۔ ریٹنگز کا جائزہ لیا جائے تو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 8 اور 9 کی سلاٹ کے دوران ہم نیوز ٹاپ پر رہا اور 28 فیصد لوگ اسے دیکھنے میں مگن رہے۔ دوسرے نمبر پر اے آر وائی نیوز کے کاشف عباسی کا پروگرام رہا جنہوں نے 18 فیصد لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ۔ حامد میر کے بغیر اور نیوز کاسٹر محمد جنید کے چہرے کے ساتھ چلنے والے جیو نیوز کے کیپیٹل ٹاک نے 13 فیصد لوگوں کی توجہ حاصل کی جبکہ دنیا نیوز کے کامران شاہد 10 فیصد کے ساتھ چوتھے اور سما ٹی وی کا پروگرام 7 فیصد کے ساتھ ریٹنگز میں پانچویں نمبر پر رہا۔