” نواز شریف کے دور میں فوج کے خلاف بات کر کے اس صحافی نے اپنی دولت میں کئی گنا اضافہ کیا اور اب ۔۔۔ “ صحافی وجاہت سعید خان نے ایسی بات کہہ دی کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

” نواز شریف کے دور میں فوج کے خلاف بات کر کے اس صحافی نے اپنی دولت میں کئی گنا ...
” نواز شریف کے دور میں فوج کے خلاف بات کر کے اس صحافی نے اپنی دولت میں کئی گنا اضافہ کیا اور اب ۔۔۔ “ صحافی وجاہت سعید خان نے ایسی بات کہہ دی کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد نیب نے کرپشن مقدمات میں تحقیقات تیز کر دی ہیں اور اس حوالے سے کئی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں جبکہ برطانیہ اور دبئی میں اس حوالے سے اہم گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں، اب معروف صحافی وجاہت سعید خان نے ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ کھلبلی مچ گئی ہے۔

وجاہت سعید خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”لندن میں مقیم ایک رپورٹر کی دولت میں نواز حکومت کے دوران تیزی سے اضافے کی انٹیلی جنس اطلاعات ہیں، پاکستان میں متعدد پلاٹس، لندن میں شاہ خرچیاں اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں طعام ، سب عمران خان اور پاک فوج مخالف رپورٹنگ کا انعام، ان کی پاکستان واپسی کا مجھے اور میرے دوستوں کوشدت سے انتظار ہے۔“

اب یہ صحافی کون اور کس ادارے کیساتھ منسلک ہے؟ اس بارے میں تو انہوں نے نہیں بتایا البتہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف لوگوں کے نام لیے جارہے ہیں جس سے تجسس کی ایک فضا قائم ہو گئی ہے اور وجاہت سعید خان کے ساتھ پاکستانی بھی شدت سے اس رپورٹر کے پاکستان آنے کا انتظار کرنے لگے ہیں۔

دوسری جانب لندن میں پاکستانی چینلز کے لیے خدمات سرانجام دینے والے صحافی بھی تشویش میں مبتلا ہیں کیونکہ وجاہت سعید خان کی جانب سے ’لندن کا رپورٹر‘ کی اصطلاح نے تمام صحافیوں کی کریڈیبلٹی پر سوالات اٹھادیے ہیں۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک فرید قریشی نے ٹوئٹر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”محترم وجاہت سعید خان صاحب آپ کے ٹویٹ نے لندن میں مقیم تمام پاکستانی صحافیوں کے کردار پر سوالیہ نشان لگادیا ہے، ان میں وہ بھی شامل ہیں جو آپ کے اپنے چینل کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اگر آپ کے پاس کسی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں تو اس کا نام لے کر اسے شرمندہ کریں“۔

مزید : برطانیہ /علاقائی /پنجاب /لاہور