’میرا ریپ کیا گیا لیکن پولیس نے کہا چپ رہو کیونکہ۔۔۔‘ معروف اداکارہ نے ایسا انکشاف کردیا کہ ہنگامہ برپاہوگیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ’می ٹو‘ مہم کے تحت دنیا بھر سے معروف اداکارائیں اپنے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسگی کے واقعات طشت از بام کر رہی ہیں۔ اب اس مہم میں برطانوی اداکارہ لیلیٰ رواس نے ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ دنیا میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق فلم ہولبے سٹی کی اداکارہ لیلیٰ رواس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ اسے بھی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جب وہ ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرانے پولیس کے پاس گئی تو پولیس نے یہ کہہ کر خاموش کرا دیا کہ اس کی رپورٹ پر ملزم کو سزا نہیں ہو گی لہٰذا خاموش ہو کر بیٹھ جاﺅ۔
47سالہ اداکارہ نے بتایا کہ ”یہ واقعہ کئی سال قبل پیش آیا تھا۔ مجھے ایسے شخص نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جسے میں جانتی تھی۔ایک سال تک میں خوفزدہ رہی اور پولیس کے پاس نہیں جا سکی، لیکن جب سال بعد مجھے حوصلہ ہوا اور پولیس کے پاس گئی تو انہوں نے مجھے خاموش رہنے کی نصیحت کرکے واپس بھیج دیا۔اس روز میں بہت روئی تھی۔“ ایک خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم بل کوزبے کو سزا سنائے جانے پر لیلیٰ رواس کا کہنا تھا کہ ”بل کوزبے کی سزا کا سن کر میرے جیسی کئی خواتین کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی اپنے ساتھ ہونے والے جنسی زیادتی کے واقعات کو منظرعام پر لائیں گی اور ملزموں کو سزا دلوائیں گی۔“