چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا سرفراز احمد پر اعتماد ،کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا سرفراز احمد پر اعتماد ،کپتان کی ...
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا سرفراز احمد پر اعتماد ،کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا ہے ۔

نجی ٹی وی چینل’’ جیونیوز‘‘ کے مطابق  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کپتان سرفراز پر اعتماد کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ ابھی کسی بھی قسم کی تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں ،ٹیم اگلی سیریز میں اسی کپتان کے ساتھ بہترین پرفارمنس دے گی ،احسان مانی نے ایشیا ءکپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی پر کپتان کی تبدیلی کی خبروں پر کہا کہ ٹیم کھیلتی ہے تو جیت اور ہار ہوتی ہے ۔

ایونٹ میں سرفراز احمد کی بیٹنگ بھی اچھی نہیں رہی جبکہ قیادت پر بھی اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان پر مکمل اظہار اعتماد کیا ہے،جب ٹیم جیتے تو کپتان کی بہت تعریف ہوتی ہے کہ اس سے اچھا کوئی اور ہے ہی نہیں ،اب ہارے ہیں تو نکالنے کی باتیں ہونےلگی ہیں۔

احسان مانی نے نائب کپتان کی تقرری کے حوالے سے کہا کہ مینجمنٹ سے مل کر اس بات پر غور کیا جائےگا اور ایشیا کپ کی پرفارمنس بھی ڈسکس کی جائےگی،واضح رہے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس ناقص رہی ، ٹیم بنگلادیش کے خلاف شکست کھاکر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ۔

مزید : کھیل