’’ پنجاب میں یکم اکتوبر سے سخت گیر مہم شروع ‘‘ عبد العلیم خان کے دبنگ اعلان نے بڑے بڑوں کی نیندیں اڑا دیں

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کےسینئر وزیرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں یکم اکتوبر سے تجاوزات کے خلاف سخت گیر مہم شروع ہو گی،افسران کسی بھی سیاسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کریں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب ،صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سمیت اعلیٰ افسران شریک ہوئے جبکہ تمام اضلاع کے انتظامی افسران نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام پر انتظامیہ کو خراج تحسین کیا جبکہ چیف سیکرٹری نے 5 نکاتی ایجنڈے پر ضلعی انتظامیہ کو تفصیلی ہدایات دیں۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں یکم اکتوبر سے تجاوزات کے خلاف سخت گیر مہم شروع ہو گی، کسی ضلع میں کسی قسم کے سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے،وزیراعظم کے ویژن پر عملدرآمد کے لئے افسران اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچیں اور قانون کا راستہ اختیار کریں، آئندہ دو ہفتے ہر ضلع کی انتظامیہ کی کارکردگی کا امتحان ہے، اس حوالے سے تمام اضلاع روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہوں گے ۔ عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ 100روزہ پلان میں پنجاب کے 15 اہم شعبوں میں کام ہو رہا ہے، نئے بلدیاتی نظام میں گراس روٹ لیول پر ترقیاتی کام ہوں گے، پنجاب تمام شعبوں میں سبقت لے گا، عملی اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 100 روزہ پلان میں تعلیم، صحت، بلدیات، سپورٹس، ویمن ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں کام ہو رہا ہے،انڈسٹری، زراعت، لائیوسٹاک، لیبر اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں بھی اہم پیش رفت کر رہے ہیں۔