مہاجرین کی کشتی پر فائرنگ،ایک مراکشی خاتون ہلاک،3دیگر افرادزخمی
رباط(این این آئی)مراکش کی بحریہ کی مہاجرین کی ایک کشتی پر فائرنگ سے خاتون ہلاک ہوگئی، اس کشتی پر خاتون سمیت 2 درجن کے قریب تارکین وطن سوار تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراکش میں انسانی حقوق کے مبصر گروپ کے سربراہ محمد بن عیسیٰ کا کہنا تھا کہ یہ خاتون جو قانون کی طالبہ تھی، ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئی تھی جبکہ فائرنگ کے اس واقعے میں 3دیگر تارکین وطن زخمی بھی ہوئے۔مراکش کے شہر تیتوان میں اس جواں سال خاتون کی تدفین کے موقع پر مقامی میڈیا نے اْس کے شناختی کارڈ کی تصاویر دکھائیں جس کے مطابق اس خاتون کی عمر 19 برس تھی، اس سے قبل ہلاک ہونے والی اس مہاجر خاتون کی عمر 22برس بتائی گئی تھی۔
دوسری جانب ہسپانوی حکام نے تصدیق کی کہ اس کے 2 شہریوں کو مراکش کی انتظامیہ نے گرفتار کیا ہے، جن میں سے ایک شخص مجرمانہ پس منظر کا حامل ہے۔ یہ معلومات ایک ہسپانوی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کیں۔ اس ہسپانوی شہری پر کم سے کم 2 بار خواتین پر تشدد اور دیگر جرائم کے سبب الزامات عائد کیے گئے ہیں اور 16 مرتبہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔