سندھی اور مہاجر مل کر پیپلز پارٹی کے "سندھ کارڈ" اور ایم کیو ایم کے "مہاجر کارڈ "کو ناکام بنا دیں:سید مصطفی کمال

سندھی اور مہاجر مل کر پیپلز پارٹی کے "سندھ کارڈ" اور ایم کیو ایم کے "مہاجر کارڈ ...
سندھی اور مہاجر مل کر پیپلز پارٹی کے

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک سر زمین پارٹی کےسربراہ سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ سندھی اور مہاجر مل کر پیپلز پارٹی کے "سندھ کارڈ" اور ایم کیو ایم کے "مہاجر کارڈ "کو ناکام بنا دیں، ایم کیو ایم مہاجروں کی نمائندگی نہیں کرتی، ایم کیو ایم بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش کرتی ہے، پیپلز پارٹی سندھیوں اور مہاجروں کےحقوق چھین کر ان پر ظلم کررہی ہے، اگر کراچی اور حیدرآباد کی مردم شماری صحیح کر لی جائے اور این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء یقینی بنا دیا جائے تو مسائل حل ہوجائیں گے۔

کراچی میں عوامی اجتماع سےخطاب کرتےہوئےسید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر قائد پر توجہ نہ دی گئی تو خدشہ ہے کہ معاملات ہر کسی کے ہاتھ سے نکل جائیں گے، کراچی میں مسائل کا انبار ہے جنکے حل کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے، ملک میں اصلاحات کو سیاسی مفادات کی نظر کر دیا گیا ہے، پنجاب میں سیاسی مخالفین کے مضبوط ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جا رہے،مؤثر بلدیاتی نظام کے نہ ہونے کے منفی اثرات ملک بھر میں مرتب ہو رہے ہیں،عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی ہے،ادویات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے،وزیراعظم عمران خان ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے اب کوئی اچھائی کی امید نہیں،ایک نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے،ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے، پاکستان میں سارا نظام درہم برہم ہے، کچھ بھی صحیح نہیں ہو رہا،ہم نے امید لگائی تھی کہ ملک میں تبدیلی آئے گی لیکن مایوسی ہوئی،حکمران اپنی حکومت بچانے اور اپوزیشن حکومت گرانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے،کسی کو فکر نہیں کہ عوام کی کیا حالت ہے دو وقت کی روٹی کھانا ناممکنات میں سے ہوتا جا رہا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -