پاکستان ہندوکونسل کا بھارت میں 11 پاکستانیوں کے قتل کیخلاف عالمی عدالت جانے کا اعلان

پاکستان ہندوکونسل کا بھارت میں 11 پاکستانیوں کے قتل کیخلاف عالمی عدالت جانے ...
پاکستان ہندوکونسل کا بھارت میں 11 پاکستانیوں کے قتل کیخلاف عالمی عدالت جانے کا اعلان

  

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور رکن قومی اسمبلی  ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارت میں 11پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر عالمی عدالت انصاف جانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ بھارت میں گزشتہ ماہ قتل کیے گئے 11پاکستانیوں کو مجبور کیا گیا تھا کہ پاکستان میں مخبری کریں اور ایسا نہ کرنے پر انہیں قتل کیا گیا، جلد ہی بھارت کے اس مجرمانہ عمل کے خلاف عالمی عدالت انصاف جاؤں گا۔رمیش کمار کا کہنا تھا کہ بھارت میں قتل ہونے والے خاندان کی خاتون شری متی مکھی کہتی ہیں انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی کرلیں گی۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ صوبہ بلوچستان  اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں انتہا پسندی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ہی ملوث ہے، بھارت میں پاکستان سے گئے 11ہندوؤں کے قتل، مسلمانوں پر کیے جانے والے مظالم اور اس کیس کو رول ماڈل بناتے ہوئے کشمیرکے نہتے شہریوں پر ظلم کی داستانوں کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کروں گا۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پاکستانی ہندوؤں کے احتجاج نے عالمی سطح پر مودی حکومت کا چہرہ بے نقاب کیا،  بھارتی ہائی کمیشن پر جاکر ہم نے اسٹاف آفیسر کو مطالبات پیش کیے کہ بھارت 11پاکستانی ہندوؤں کے خون کا حساب دے،جب کہ مطالبات میں پاکستان کو تحقیقات میں شامل کرنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ دینے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ان کاکہنا تھاکہ وہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی پٹیشن داخل کرنا چاہتے ہیں، ہمارا عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ اس خاندان کے بھارت میں موجود دیگر افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -