کراچی سمیت سندھ بھر میں نرسری سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسوں کا آغاز
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی سمیت سندھ بھر میں نرسری سے لے کر آٹھویں جماعت تک کی کلاسوں کا آغاز ہوگیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سندھ بھر میں نویں تا بارہویں تک تعلیمی ادارے 15ستمبر کوکھل چکے ہیں جس کے بعد نویں اور دسویں جماعت سے کالجوں تک کلاسوں کا سلسلہ پہلے سے جاری ہے۔
صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر 21 ستمبر کو چھٹی سے آٹھویں جماعتوں میں دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کو ایک ہفتے کےلئے موخر کیا تھا جسے آج سے دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق تمام سکولوں کو احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا، بیمار طلبا یا اساتذہ سکول نہیں آئیں گے جبکہ احتیاطی تدابیر پرعمل نہ کرنے والے سکولوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پرائمری سکول 30 ستمبر کو کھولے جائیں گے جبکہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پرائمری سکول کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے۔