میگا منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد

میگا منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد
میگا منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر فرد جرم عائد کردی جبکہ پارک لین ضمنی ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس میں فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک موخر کردی گئی ،ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث فرد جرم موخر کی گئی ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں آصف زرداری عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر میگا منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

کیس کے ایک اور ملزم اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی حاضری لگائی گئی، عدالت نے انور مجید پر بھی اسی کیس میں فرد جرم عائد کی جب کہ ان کے صاحبزادے اے جی مجید پر کمرہ عدالت میں فرد جرم عائد کی جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد گرفتار ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکلا کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی۔

پارک لین ضمنی ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس میں فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک موخر کردی گئی ،ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث فرد جرم موخر کی گئی ۔عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں غیر حاضر ملز م شیر علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جبکہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس میں شریک ملزم محمد صدیق سلیمانی کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم موخرہو گئی ،تمام غیر حاضر ملزمان کے عدالت نے وارنٹس گرفتاری جاری کردیئے ،منی لانڈرنگ ریفرنس میں عدالت نے 13 اکتوبر کو گواہان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ حاضری کے لیے دستخط کے ساتھ انہیں الزامات کی فرد جرم بھی دے دیں اور جو ملزمان دیگر 2 ریفرنسز میں نامزد نہیں وہ جاسکتے ہیں۔عدالت کی ہدایت پر آصف زرداری اور فریال تالپور کو چارج شیٹ پڑھنے کے لیے دی گئی۔عدالت نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد فریال تالپور کو جانے کی اجازت دے دی۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -