بابراعظم نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی عدم موجودگی پر افسردہ، سرفراز احمد اور شان مسعود نے بھی مطالبہ کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ون ڈے اور ٹی 20ٹیم کے کپتان بابراعظم کو قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شائقین کی کمی کھٹکنے لگی جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد اور اوپننگ بلے باز شان مسعود نے مداحوں سے گھروں میں بیٹھ کر سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کرکٹ تو کھیل ہی مداحوں کا ہے جو ہر اچھے اور برے دن ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اس مرتبہ بند دروازوں کے پیچھے میچز کے دوران ہمیں شائقین کرکٹ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی مگر وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو گھروں میں ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹی 20 کپ پاکستان کا ایک اہم ٹورنامنٹ ہے لیکن شائقین کرکٹ کا سٹیڈیم میں داخلہ نہیں ہو گا تاہم پرستاروں سے درخواست ہے کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے گھروں میں ٹی وی سکرین کے سامنے بیٹھیں اوراپنے فیورٹ کرکٹرز کو کھیلتا دیکھیں، خصوصی طور پر نئی نسل سے درخواست ہے کہ اپنی پڑھائی کے ساتھ ٹورنامنٹ کو بھی سپورٹ کریں۔
سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ وطن واپس آنے کی سب سے زیادہ خوشی یہی تھی کہ پرستار حوصلہ افزائی کیلئے موجود ہوں گے، مگر بدقسمتی سے اس بار کورونا کے باعث ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دیکھنے کیلئے شائقین سٹیڈیم میں نہیں آ سکتے، بہرحال گھروں میں بیٹھ کر سپورٹ کریں۔