نیشنل ٹی 20 کپ کے آغاز میں چند روز باقی، تمام ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف، شائقین بھی زبردست مقابلے دیکھنے کیلئے بے تاب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نیشنل ٹی 20 کپ کا وقت قریب آتے ہی ٹیموں کی ٹریننگ میں بھی تیزی آ گئی ہے جو بھرپور بیٹنگ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ سے لہوگرمانے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ بدھ کو ملتان میں شروع ہو گا اور ایونٹ کا وقت قریب آنے پر ٹیموں کی مشقوں میں بھی تیزی آ گئی ہے، کرکٹرز بھرپور بیٹنگ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ پریکٹس سے لہو گرمانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ کوچز بھی درست کمبی نیشن بنانے پر غور کررہے ہیں، جمعرات کو کورونا پروٹوکول کی خلاف وزری پر خیبرپختونخوا کے آصف آفریدی کو 3روز کیلئے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد تمام کھلاڑی محتاط نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب دفاعی چیمپین ناردرن کی ٹیم رواں سال بھی عمدہ کارکردگی دہرانے کیلئے پرعزم ہے جس کے سکواڈ میں تجربہ کار اور باصلاحیت نوجوان کرکٹرز شامل ہیں، پہلے راﺅنڈ میں ٹیم کوکپتان عماد وسیم کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ وہ کاﺅنٹی کرکٹ کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں، ان کی غیر موجودگی میں شاداب خان قیادت کریں گے جبکہ ٹیم کی بیٹنگ کا دارومدار انگلینڈ میں ڈیبیو پر نصف سنچری بنانے والے نوجوان حیدر علی پر ہوگا۔
جارح مزاج ذیشان ملک، تجربہ کار عمر امین، سہیل اختر، آصف علی اور حماد اعظم جیسے بیٹسمین بھی موجود ہیں، محمد نواز اور سہیل تنویر جیسے تجربہ کار آل راﺅنڈرز بھی سکواڈ کا حصہ ہیں، محمد عامر، موسیٰ خان اور حارث رﺅف جیسے تیز رفتار باﺅلرز کی خدمات بھی اسے حاصل ہیں۔
گزشتہ سال کی رنرز اپ سائیڈ بلوچستان کے کپتان حارث سہیل، امام الحق، اویس ضیاء، بسم اللہ خان اور عمران فرحت پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں، گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں رنز کے انبار لگانے والے عمران بٹ سمیت اکبر رحمان ٹی 20میں عمدہ پرفارمنس کیلئے بھی تیار ہیں۔ آل راﺅنڈر عماد بٹ اور عمید آصف موجود بھی موجود ہیں جبکہ باﺅلنگ میں عمر گل، کاشف بھٹی اور یاسر شاہ کے ساتھ نوجوان فاسٹ باﺅلر عاکف جاوید اور سپنر اسامہ میر بھی موجود ہیں، بلوچستان کی ٹیم پہلا میچ یکم اکتوبر کو سندھ کے خلاف کھیلے گی۔