شہبازشریف کی گرفتاری، کچھ ہی دیر میں مریم نواز کیا کرنے جارہی ہیں؟

شہبازشریف کی گرفتاری، کچھ ہی دیر میں مریم نواز کیا کرنے جارہی ہیں؟
شہبازشریف کی گرفتاری، کچھ ہی دیر میں مریم نواز کیا کرنے جارہی ہیں؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر مریم نواز پریس کانفرنس کرنے جارہی ہیں، یہ پریس کانفرنس چار بجے متوقع تھی لیکن لندن میں موجود قیادت کی ہدایت پر مریم نواز نے خود پریس کانفرنس کا فیصلہ کیا اور ان کی ماڈل ٹائون آمد کے لیے وقت چاہیے تھا جس کی وجہ سے اب پریس کانفرنس کا ٹائم چار سے پانچ بجے کردیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق مریم نواز خود پریس کانفرنس سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت  پر کررہی ہیں۔ 

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو گرفتار کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ کے کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر کے وکیل اعظم نذیر نے دلائل دیے اور اس موقع پر نیب کی ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔شہبازشریف کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ تمام آمدن پر ٹیکس ادا کیا اور ان کا آڈٹ بھی کروایا، نیب 20 سال بعد نیب ٹیکس ریٹرن کو نہیں مان رہا، 26 کروڑ روپے کا فرق نیب نکال نہیں سکتا اس لیےآمدن نہیں مانتا۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد عدالت کے باہر موجود لیگی کارکنان نے نیب اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ اس موقع پر لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔گرفتاری کے بعد میڈیا نمائندگان نے شہبازشریف سے بات چیت کی کوشش کی لیکن اپوزیشن لیڈر نے اس موقع پر کوئی بات نہیں کی۔نیب حکام شہبازشریف کو لے کر  ٹھوکر نیاز بیگ کے دفتر روانہ ہوگئے اور کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع کی تھی۔گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انہیں گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -