پاکستان کے محمد راشد نے بھارت سے ایک اور عالمی ریکارڈ چھین لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے محمد راشد نے سر سے اخروٹ توڑنے کے مقابلے میں بھارت کے نوین کمار کوشکست دے کر ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کیلئے اٹلی کے مشہور ٹی وی شو لا نوتی دای ریکارڈ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کھلاڑی محمد راشد نے بھارتی کھلاڑی کے 239 کے مقابلے میں سر سے 254 اخروٹ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس تاریخ ساز مقابلے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر اپ لوڈ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور محض ایک گھنٹے میں ویڈیو کو 4 لاکھ افراد نے دیکھا اور محمد راشد کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔مارشل آرٹ کے کھلاڑی محمد راشد اب تک 60 ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں جبکہ ان کی اکیڈمی کے ریکارڈز کی تعداد 75 ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سپوت محمد راشد نے قبل ازیں 180 اخروٹ توڑ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا تاہم نوین کمار نے217 اخروٹ توڑ کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا لیکن اب محمد راشد نے ایک مرتبہ پھر نیا ریکارڈ قائم کرکے اپنا کھویا ہواعالمی اعزاز دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔