آرمی چیف اور محمد زبیر کی ملاقات کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی کے بیان پر مریم نواز بھی میدان میں آگئیں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک دوست کی حیثیت سے دوسرے دوست سے کی گئی ملاقات پر ڈی جی آئی ایس پی آر کو بیان نہیں دینا چاہیے تھا ،ڈی جی آئی ایس پی آر بہت ہی سنجیدہ معاملات کے لیے ہوتے ہیں ،انہیں قومی معاملات پر بات کرنی چاہیے ،یہ ان کے کرنے کی بات نہیں تھی ۔شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آرمی چیف سے محمد زبیر کی ملاقات میں مریم نواز اور نواز شریف کے حوالے سے بات ہوئی ،مجھے بتائیں کہ جب ایک لیگی رہنما سے ملاقات چار گھنٹے کی ہو گی اور اس میں ایک ساتھ بیٹھ کرکھانا بھی کھا یا جائے گا تو کیا وہ مریم نواز یا نواز شریف کے حوالے سے بات نہیں کریں گے ،ظاہر ہے اس بارے میں بھی بات ہوگی ۔مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر مہذب انسان ہیں ،میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن انہیں اس معاملے پر بات نہیں کرنی چاہیے تھی ،ڈی جی آئی ایس پی آر کو ایک ذاتی ملاقات کوسیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے تھا کیونکہ اگر ہم جواب میں اس ملاقات میں ہوئی کچھ باتیں لوگوں کو بتا دیں تو پھر بری بات ہوتی اور بات کہیں سے کہیں پہنچ جاتی ۔