شادی کے بعد جوڑوں کا وزن کم ہوتا ہے یا زیادہ؟ تازہ تحقیق میں سائنسدانوں نے ایسا انکشاف کردیا کہ پاکستانیوں کو یقین نہ آئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپے سے نجات حاصل کرنا جان جوکھوں کا کام ہے تاہم اب سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں موٹاپے اور شادی کے درمیان ایسا دلچسپ تعلق دریافت کر لیا ہے کہ آپ صرف شادی کرکے موٹاپے سے نجات پا سکتے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق اس تحقیق میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سائنسدانوں نے 200سے زائد لڑکے لڑکیوں پر تجربات کیے جو عمر کی 20کی دہائی میں تھے۔ اس تحقیق کے نتائج میں معلوم ہوا کہ شادی کرنے سے لوگوں کو موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کی ترغیب ملتی ہے اور ان کے وزن میں شادی کے چند ماہ کے اندر ہی واضح کمی ہو جاتی ہے۔
اس تحقیق میں شامل جتنے لڑکے لڑکیوں کی اس عرصے میں شادیاں ہوئیں، ان سب کے وزن میں کمی آئی۔ اگرچہ یہ کمی بھی محدود وقت کے لیے تھی تاہم سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ مختلف قسم کی ڈایٹنگ جتنا عرصہ اثر رکھتی ہیں، شادی ان سے کہیں طویل عرصے تک اثر رکھتی ہے اور شادی کے بعد کم ہونے والا وزن ڈائٹنگ کی نسبت کہیں زیادہ عرصے تک واپس نہیں آتا۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ شادی مردوخواتین کے رویوں میں مثبت تبدیلیاں لاتی ہے۔ وہ زیادہ صحت مندانہ خوراک کی طرف راغب ہوتے ہیں، انہیں شریک حیات کی سپورٹ بھی حاصل ہو جاتی ہے اور ان کا طرز زندگی ایسا ہو جاتا ہے کہ موٹاپا ان سے دور رہتا ہے۔