ڈالرکی قیمت میں مزید اضافہ
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان اور روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 60پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اوپن مارکیٹ میں قیمت میں تازہ اضافے کے بعد ڈالر 172 اعشاریہ 20روپے پر پہنچ چکا ہے ۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں کاروبار کے دوران ڈالر مزید 15پیسے مہنگا ہونے کے بعد 169.75کی نئی بلند ترین تاریخی سطح پر فروخت ہورہا ہے۔ ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکانٹ خسارے میں اضافے کے باعث ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے درآمدی اشیا مزید مہنگی ہوجائیں گی، جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 121 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد انڈیکس 44 ہزار939 پوائنٹس پرٹریڈ کرتے دیکھا گیاہے۔