سینیٹ نےبچوں پرجسمانی سزاؤں کی ممانعت کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نےبچوں پرجسمانی سزاؤں کی ممانعت کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔
سما نیوز کے مطابق بل کے متن کے مطابق بچوں کے بال، کان کھینچنا، کرنٹ لگانا، جوتے یا کسی اور آلے سے مارنا، ہاتھ اٹھانا، بیلٹ، اٹک، جوتے اور لات کا استعمال بھی قابلِ سزا جرم ہوگا۔بچوں پر جسمانی سزا کی ممانعت کے بل کا اطلاق سکولز، مدراس، یتیم خانوں و دیگر اداروں پر لاگو ہوگا۔ وزرات تعلیم سکولز، وفاق المدراس کمیٹیز تشکیل دیں گی، یہ کمیٹیز3ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں ایک خاتون رکن کا ہونا لازم ہوگا جبکہ نوٹیفائی کمیٹی 30روز میں کسی شکایت پر فیصلہ کرے گی۔ سزا یافتہ ملزم کو وفاقی محتسب میں اپیل کا حق حاصل ہوگا اور ایسے افراد کو معطل، ملازمت سے فارغ یا ان کی تنزلی کی جائے گی۔ بچوں پر جسمانی سزا میں ملوث افراد کیخلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت سزا بھی دی جاسکے گی۔
سینیٹ سے بل منظور ہونے کےبعد اسے بحث کیلئے قومی اسمبلی بھیجا جائے گا۔قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل قانون کی شکل میں لاگو ہوگا۔