زونگ نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے فور جی سپیکٹرم کتنے پیسوں میں خرید لیا؟ بڑی خبر آگئی

زونگ نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے فور جی سپیکٹرم کتنے پیسوں میں ...
زونگ نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے فور جی سپیکٹرم کتنے پیسوں میں خرید لیا؟ بڑی خبر آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)  چینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی زونگ نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 14.398 ملین ڈالر (دو ارب 44 کروڑ روپے) کے عوض فور جی سپیکٹرم حاصل کرلیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر (اے جے اینڈ کے) اور گلگت  بلتستان (جی بی) میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کے لیے سیلولر سپیکٹرم کی نیلامی آج پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

اٹھارہ سو میگا ہرٹز بینڈ کے لئے الیکٹرانک نیلامی میں سی ایم پاک (زونگ) اور پی ایم سی ایل (جاز) سمیت دوآپریٹروں نے حصہ لیا۔ الیکٹرانک نیلامی 18 راؤنڈ تک جا پہنچی اور1800 میگاہرٹز بینڈ میں 10 میگا ہرٹز ( پانچ میگا ہرٹز کے دو بلاکس) کے لئے زونگ کی طرف سے 14.398 ملین امریکی ڈالرکی کامیاب بولی پر اختتام پذیرہوئی۔

پی ٹی اے کے مطابق 1800 میگا ہرٹز بینڈ میں فروخت ہونے والا سپیکٹرم اے جے اینڈ کے اور جی بی کے لیے مذکورہ بینڈ میں پیش کردہ کل سپیکٹرم کا 85 فیصد ہے۔ مزید یہ کہ ٹیلی نار، یوفون اور زونگ نے  1800 میگا ہرٹز بینڈ میں 1.2 میگا ہرٹز بھی حاصل کیا۔

اکیس سو میگا ہرٹز بینڈ میں 15 میگا ہرٹز کے سپیکٹرم کے لیے مقررہ بیس پرائس پرٹیلی نار پاکستان کو کامیاب قرار دیا گیا۔ 2100 میگا ہرٹز بینڈ میں فروخت ہونے والا سپیکٹرم مذکورہ بینڈ میں کل پیش کردہ سپیکٹرم کا 50 فیصد ہے۔ اے جے کے اور جی بی کے لیے اس سپیکٹرم کی نیلامی سے حاصل ہونے والی کل آمدنی  30 ملین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔

پی ٹی اے نے نیلامی کا عمل بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹ جے وی ٹیلکونیٹ/ فرنٹیئر اکنامکس کی مدد سے مکمل کیا جو اپریل 2021 سے اس عمل میں شامل ہے اور اس نے موبائل فون کے شعبے ودیگر شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔

حکومت پاکستان نے اکتوبر 2020 میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت آکشن ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی۔ 11 اگست 2021 کو پالیسی ہدایات جاری کی گئیں جن کے تحت پی ٹی اے نے صارفین کے مفادات کے پیش نظر سپیکٹرم نیلامی کے عمل کو منصفانہ اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

سپیکٹرم کے اس اضافے سے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کو سیاحت کے حوالے سے اہم ان دونوں علاقوں میں بہتر ڈیٹا اور وائس سروسز کی فراہمی میں مدد ملے گی۔