سردار تنویر الیاس خان نے آزاد کشمیر میں احتساب کے حوالے سے ابتک کا بڑا اعلان کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)آزاد کشمیر و سینئر وزیر حکومت سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اندراحتساب کےنظام کوجان بوجھ کر کمزور کیا گیا،وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایت ہےکہ احتساب کاعمل تیز تر کیاجائےاوراگر ضرورت پڑے توقومی احتساب بیور( نیب)اورایف آئی اے کادائرہ کاربھی آزاد کشمیر تک بڑھایاجاسکتاہے،اگرقانونی پیچیدگی آڑے آرہی ہے تو آزاد کشمیرکےاحتساب بیورو کومضبوط کیا جائے ، کرپٹ عناصر پر آہنی ہاتھ ڈالا جائے گا،آزاد کشمیر میں جمود کا خاتمہ ہو گا،پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے،پی ٹی آئی کی حکومت میں تعمیر و ترقی کے تاریخ ساز باب کا آغاز ہو گا۔
اسلام آبادمیں پی ٹی آئی کی گورننگ باڈی کے ممبران کے ہمراہ ریاستی اخبارات کے چیف ایڈیٹرز اور ایڈیٹرز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے بعد سوال و جواب کی ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان پاکستانی عوام اور با الخصوص نوجوانوں کی امید ہیں،آزاد کشمیر میں حکومت کے قیام کے سلسلے جو بھی فیصلے چیئرمین عمران خان نے کیے ہیں، میں نے اور میرے رفقائے کار نے انہیں کھلے دل سے تسلیم کیا، انتخابی مہم کے دوران کبھی نہیں کہا کہ میں وزیر اعظم بن کر یہ کام کروں گا،اپنی ہر تقریر میں یہ کہا کہ حکومت یا کابینہ میں ہوں یا نہ ہوں تحریک انصاف کا حصہ ہوں اور حکومت کو تجاویز دوں گا، تعمیر وترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گا، آزاد کشمیر کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے،پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمتوں کا تناسب صفر ہے،نجی شعبے کو سہولتیں دیں گے تاکہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرے۔
ایک سوال کےجواب میں سردارتنویرالیاس خان نےکہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر میں حکومت کے لئے سیاسی جماعتوں کی باریاں لگی رہیں لیکن شہریوں کو بااختیار بنانے، انہیں مالی طور پر خودکفیل بنانے اور ریاست کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے کوئی قابل ذکر منصوبہ نہیں شروع کیا گیا،وسائل کےلیےاسلام آباد پر انحصار کیا گیا جس کی وجہ سے آزادکشمیر میں پورے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے،مسلم کانفرنس نے آزاد کشمیر پر سب سے زیادہ حکومت کی لیکن تعمیر و ترقی کی طرف توجہ دینے کے بجائے انہوں نے زیادہ وقت بیان بازی اور سیاست گری میں گزار دیا،فاروق حیدر با اختیار ترین وزیر اعظم تھے لیکن ان کے دور اقتدار میں بھی لوگوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرنےکے بجائے من پسند لوگوں کو نوازا گیا۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو گھی کے ڈبے میں چیرٹی جمع کرتے دیکھا،ملک میں چیرٹی اداروں کی بنیاد عمران خان نے ڈالی، لاہور شہر میں آدھ درجن کے قریب ادارے غیر ملکیوں نے قائم کیے،یہ سب عمران خان کی بدولت ہوا،عبد الستار ایدھی کے بعد دنیا عمران خان پر اندھا اعتماد کر تی ہے کہ یہ شخص بد دیانتی نہیں کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جدا گانہ تشخص ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم جیسے بزنس مین بھی اس پارٹی کی سیاست کا حصے بنے کیونکہ یہ پارٹی روایتی نہیں بلکہ انقلابی تبدیلی کی علمبردار ہے۔ایک سوال کے جواب میں سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت نظر نہ آنے کے سوال سے اتفاق نہیں کرتا کیوں کہ گزشتہ حکومت میں بھی ایک وزیر نے ڈیڑھ سال بعد سب سے بڑی وزارت کا چارج سنبھالا تھا،وزیر اعظم عبد القیوم نیازی اور ان کی ٹیم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے،راتوں رات مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
عشائیے میں سابق صدر نیشل پریس کلب افضل بٹ،اینکر پرسن سمیع ابراہیم، چیف ایڈیٹر کشمیر ایکسپرس سردار زاہد تبسم، ایڈیٹر جموں کشمیر راجہ کفیل احمد، ایڈیٹر صدائے چنار اعجاز عباسی، سینئر صحافی اوصاف بشارت عباسی، چیف ایڈیٹر پارلیمنٹ ٹائمز جاوید اقبال، چیف ایڈیٹر کنٹری نیوز سردار حمید، ایڈیٹر ڈیلی سیاست سردار ذوالفقار،چیف ایڈیٹر دی کوٹلی نیوز شہزاد راٹھور،چیف ایڈیٹر روزنامہ عدالت شیر باز منیر، چیف ایڈیٹر روزنامہ حیات ممتاز خاکسار، ایڈیٹر کشمیر ٹائمز عابد عباسی، ایڈیٹر کشمیر پوسٹ محی الدین ڈار،چیف ایڈیٹر خبر نامہ ظہیر جگوال،چیف ایڈیٹر دومیل راجہ امجد علی، چیف ایڈیٹر دھرتی عابد صدیق، چیف ایڈیٹر جموں کشمیر ٹائمز ذوالفقار حسین بٹ ، چیف ایڈیٹر ہمقدم دلپزیر عباسی، چیف ایڈیٹر صبح نو سرفراز خواجہ، چیف ایڈیٹر کشمیر آبزرور غلام رضا کاظمی، چیف ایڈیٹر سٹیٹ ویوز شہزاد خان ، ایڈیٹر سٹیٹ ویوز سید خالد گردیزی چیف ایڈیٹر شاداب محمد یونس نیازی، ایڈیٹر شمال نصیر انور، چیف ایڈیٹر پونچھ ٹائمز زاہد بشیر، چیف ایڈیٹر تلافی مسعود حنیف اور چیف ایڈیٹر صدائے وقت نقاش عباسی نے شرکت کی.
عشایئے میں سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف و ایڈوائزر ٹو سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف برائے آزاد جموں کشمیر سید نعمان شاہ، جنرل سیکرٹری تحریک انصاف آزادکشمیر راجہ منصور خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار مرتضی علی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار محمد اسرائیل قاضی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر نذیر، فنانس سیکرٹری ذوالفقار عباسی، سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود، تحریک انصاف کے رہنما سردار سخاوت ایڈووکیٹ، سردار افتخار رشید چغتائی، سردار امتیاز طاہر، سردار امتیاز شاہین سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔