توشہ خانہ کے تحائف کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی پہنچ گیا، کس نے آواز اٹھائی؟ بڑی خبر آگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) توشہ خانہ کے تحائف کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی پہنچ گیا۔ شفقت محمود نے آواز اٹھا دی۔
نجی ٹی وی 24 نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف کے معاملے پر وزیر تعلیم شفقت محمود نے آواز اٹھائی اور کہا وزیر اعظم صاحب، میڈیا پر توشہ خانہ سے متعلق آپ کے بارے میں باتیں ہو رہی ہیں، ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔
اس پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت میں تحائف کی رقم کو بڑھایا گیا ہے۔ پہلے یہ رقم 25 فیصد تھی لیکن ہم نے اب یہ رقم بڑھا کر 50 فیصد کردی ہے، جو بھی سرکاری تحفہ توشہ خانے سے لینا چاہیے اسے یہ رقم جمع کروانی پڑے گی۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ تحائف کی تفصیلات پبلک کی جائیں۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے تفصیلات بتانے کی تجویز سے اختلاف کیا اور کہا کہ تحفوں کی تفصیلات بتانے سے دوست ممالک ناراض ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کے تحفوں کی تفصیلات بتانے سے متعلق وزیر اعظم جلد فیصلہ کریں گے۔