ایک اور معاون خصوصی کا اضافہ، شہباز شریف کابینہ کا حجم 74 رکنی ہوگیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان اور سینئر قانون دان عرفان قادر کو اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا۔ ان کی تقرری کے بعد وفاقی کابینہ کا حجم 74 رکنی ہوگیا ہے۔ عرفان قادر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شہباز شریف کابینہ میں 35 وفاقی وزرا، سات وزرائےمملکت ، چار مشیر اور 28 معاونین خصوصی ہیں. اس کابینہ میں تازہ اضافہ اسحاق ڈار کی بطور وزیر خزانہ اور عرفان قادر کی بطور معاون خصوصی تقرری ہے۔ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنا قلمدان چھوڑا ہے تاہم وہ وفاقی وزیر کے عہدے پر برقرار ہیں۔