بیماری میں بھی چھٹی نہ ملی، خاتون دوران ملازمت چل بسی 

Sep 28, 2024 | 03:28 PM


بنکاک(ڈیلی پاکستان آن لائن )تھائی لینڈ میں فیکٹری میں کام کرنے والی خاتون کو بیماری میں بھی چھٹی نہ ملی جس سے خاتون کی موت واقع ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 30 سالہ خاتون مئی کا تعلق تھائی لینڈ سے تھا اور وہ مقامی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک الیکٹرانکس کمپنی میں کام کرتی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون بڑی آنت میں سوجن میں مبتلا تھیں اور وہ 4 دن تک ہسپتال میں زیر علاج بھی رہی لیکن گھر جانے کے بعد بھی خاتون کی حالت میں بہتری نہیں آئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خراب حالت کی وجہ سے خاتون نے منیجر سے چھٹی کی درخواست کی جسے منیجر نے مسترد کرتے ہوئے اسے کام پر واپس آنے اور ایک نئی میڈیکل درخواست پیش کرنے کا کہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے خوف سے خاتون نے دوبارہ معمول کے مطابق فیکٹری میں آکر اپنا کام شروع کردیا لیکن 20 منٹ بعد ہی ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی۔
خاتون کو قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی ہنگامی سرجری کی گئی لیکن بدقسمتی سے آنتوں کی پیچیدگیوں کی وجہ سے اگلے دن ان کی مو ت ہوگئی۔
کمپنی کی جانب سے خاتون کی موت پر ایک بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے معذرت کی۔

مزیدخبریں